برتھ ڈے اسپیشل 8 جون
ستر اور اسی کی دہائی میں بڑے پردے پر راج کرنے والی بالی ووڈ کی معروف اداکار ڈمپل کپاڈیہ 8 جون 1957 کو ایک گجراتی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ڈمپل نے اپنے کیریئر کا آغاز 16 سال کی عمر میں راج کپور کی ہدایت کاری میں بنی فلم 'بوبی' سے کیا۔ اپنی پہلی فلم میں ڈمپل کو مرکزی اداکارہ کے طور پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ان کے مقابل رشی کپور نظر آئے تھے۔ اس فلم میں ڈمپل کافی بولڈ اوتار میں نظر آئیں۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ رہی اور ڈمپل راتوں رات اسٹار بن گئیں۔ ڈمپل کو اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری کے لیے فلم فیئر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی ملا۔
اس فلم کے بعد ڈمپل کے سامنے کئی فلموں کی قطار لگ گئی لیکن ڈمپل نے فلموں کو خیرباد کہہ دیا اور سال 1973 میں سپر اسٹار راجیش کھنہ سے شادی کرلی۔ ڈمپل کپاڈیہ کی راجیش کھنہ سے پہلی ملاقات احمد آباد کے نورنگ پورہ اسپورٹس کلب میں ہوئی تھی۔ راجیش کھنہ 70 کی دہائی میں نورنگ پورہ اسپورٹس کلب کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی گئے تھے۔ یہیں ان کی ڈمپل کپاڈیہ سے ملاقات ہوئی اور وہ پہلی نظر میں ہی اس سے پیار کر گئے۔ یہیں سے راجیش اور ڈمپل کی محبت کی کہانی شروع ہوئی۔ ڈمپل اور راجیش کی دو بیٹیاں ٹوئنکل کھنہ اور رنکی کھنہ ہیں۔ ڈمپل اور راجیش کی شادی شدہ زندگی زیادہ دیر نہیں چل سکی اور دس سال کی شادی کے بعد دونوں سال 1982 میں الگ ہو گئے۔ راجیش کھنہ سے علیحدگی کے بعد ڈمپل نے 1984 میں فلم 'زخمی شیر' سے بالی ووڈ میں قدم رکھا لیکن یہ فلم فلاپ رہی۔ اس کے بعد سال 1985 میں رمیش سپی کی ہدایت کاری میں بنی فلم 'ساگر' میں ڈمپل کو ایک بار پھر اداکار رشی کپور کے مدمقابل اداکاری کا موقع ملا۔ یہ فلم باکس آفس پر ہٹ رہی تھی۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کے لیے انہیں ایک بار پھر فلم فیئر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم 'لیکن' ان کے کیریئر کا اہم موڑ تھی۔ اس فلم کو سورا کوکیلا لتا منگیشکر نے پروڈیوس کیا تھا۔ اس فلم کا گانا 'یار سلی سلی' شائقین میں کافی مقبول ہوا۔ ڈمپل کی اہم فلموں میں بوبی، رام لکھن، ساگر، لیکن، عجوبہ، نرسمہا، گردش،اللہ رکھا، انسانیت، بیس سال بعد، سازش، انصاف، رودالی، کرانتی ویر، فائنڈنگ فینی، پٹیالہ ہاؤس، لک بائی چانس، دبنگ، انگریز میڈیم وغیرہ شامل ہیں۔
ڈمپل اب بھی فلم انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔ وہ آج بھی لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہے۔ ڈمپل جلد ہی آیان مکھرجی کی فلم 'براہمسترا' میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم پٹھان میں بھی نظر آنے والی ہیں۔