Urdu News

’عوام کو مظاہرہ کرنے کا حق ہے، تاہم جمہوریت میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں‘: نائب صدر جمہوریہ

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ عوام کو مظاہرہ کرنے کا حق ہے، تاہم جمہوریت میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے انتہا پسندانہ رجحانات کو ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا،’سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا‘۔

اُ پ راشٹرپتی نِواس میں جواہر لال یونیورسٹی کے طلبا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے، جناب نائیڈو نے عوام سے ملک کے اتحاد، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کی اپیل کی اور کہا کہ ’نفرت اور عدم برداشت بھارتی ثقافت کا حصہ نہیں ہیں‘ ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی نموپذیر  پارلیمانی جمہوریت ہے جو ’سروا دھرم سمبھاؤ‘ کے اصول پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  نوآبادیاتی حاکموں نے بھارتیوں کے درمیان احساس کمتری پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے طلبا سے بھارت کی شاندار تہذیب پر فخر کرنے کے لیے کہا۔

 

طلبا کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ زندگی میں کامیاب ہونے کے لیے، اپنا مقصد بلند رکھنا، سخت محنت کرنا، مقصد کی حصولیابی کے لیے پابند عہد رہنا بہت اہم ہے۔  انہوں نے کامیابی حاصل کرنے کے سلسلے میں طلبا کو ہمارے عظیم رہنماؤں کی زندگیوں اور تعلیمات کے بارے میں پڑھنے اور ان کی خوبیوں کو اپنانے کا مشورہ دیا ۔

نائب صدر جمہوریہ  نے خواہش ظاہر کی کہ طلبا زیادہ سے زیادہ زبانوں میں مہارت حاصل کرتے ہوئے، اپنی مادری زبان کی بھی حفاظت کریں اور اسے فروغ بھی دیں۔ انہوں نے طلبا کو صحت مند کھانہ کھانے کی عادت ڈالنے اور باقاعدگی سے کثرت کرنے کا مشورہ دیا۔

Recommended