Urdu News

ساؤتھ سے لے کر ہندی فلموں تک کاجل اگروال کی شہرت

ساؤتھ سے لے کر ہندی فلموں تک کاجل اگروال کی شہرت

برتھ ڈے اسپیشل 19 جون

جنوبی فلموں سے لے کر ہندی فلموں تک اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ کاجل اگروال 19 جون 1985 کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ سال 2004 میں، کاجل نے ایشوریا رائے، دیا مرزا، وویک اوبرائے اور امیتابھ بچن کی اداکاری والی فلم 'کیوں ہو گیا نا' میں چھوٹے کردار سے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ حالانکہ اس سے پہلے وہ کئی اشتہاروں میں نظر آ چکی ہیں۔ فلم 'کیوں ہو گیا نا' کی ریلیز کے تقریباً تین سال بعد بھی جب کاجل کو بالی ووڈ میں کوئی فلم نہیں ملی تو انہوں نے ساؤتھ کی فلموں کا رخ کیا۔ وہ 2007 میں تیلگو فلم 'لکشمی کلیانم' میں مرکزی کردار میں نظر آئیں۔ اس کے بعد کاجل ایک کے بعد ایک کئی فلموں میں نظر آئیں۔

سال 2009 میں ریلیز ہونے والی ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بنی فلم مگدھیرا میں کاجل کی اداکاری کو خوب پذیرائی ملی۔ اس فلم میں ان کی جوڑی جنوبی فلموں کے سپر اسٹار رام چرن تیجا کے ساتھ نظر آئی تھی۔ فلم نے باکس آفس پر کئی ریکارڈ توڑے۔ اس کے علاوہ یہ فلم کاجل کے کیرئیر کی سب سے بڑی ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم کے بعد کاجل کا شمار ساؤتھ فلموں کی ٹاپ اداکاراؤں میں کیا جانے لگا۔ یہی نہیں وہ ناظرین کی پہلی پسند بھی بن گئیں۔

سال 2010 میں کاجل کو ایک بار پھر بالی ووڈ میں اداکاری کا موقع ملا۔ کاجل اس سال ریلیز ہونے والی روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'سنگھم' میں اجے دیوگن کے مدمقابل مرکزی کردار میں نظر آئیں اور یہ فلم باکس آفس پر بھی سپر ہٹ رہی۔ اس کے بعد کاجل 2013 میں اکشے کمار کی ملٹی اسٹارر فلم 'اسپیشل 26' میں نظر آئیں۔ تاہم کاجل کو بالی ووڈ میں بہت کم فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ بالی ووڈ میں وہ مقام حاصل نہیں کر سکی جو انہیں ساؤتھ فلم انڈسٹری میں ملا تھا۔ اس کے باوجود کاجل نے بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنائی۔ وہ جنوبی ہند کی پہلی اداکارہ ہیں جن کا مجسمہ سنگاپور کے مادام تساؤ میوزیم میں نصب کیا گیا ہے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے اس کی نقاب کشائی بھی کی۔

کاجل کی اہم فلموں میں چنداماما، آریہ 2، مسٹر پرفیکٹ، بزنس مین، نائک، پایوم پولی، سردار گبر سنگھ، دو لفظوں کی کہانی وغیرہ شامل ہیں۔ کاجل اگروال کی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کریں تو انہوں نے 30 اکتوبر 2020 کو بزنس مین گوتم کچلو سے شادی کی اور اس سال 9 اپریل کو کاجل اور گوتم اپنے پہلے بچے کے طور پر ایک بیٹے نیل کے والدین بنے۔ کام کے محاذ پر، کاجل اگروال جلد ہی فلم اوما میں نظر آئیں گی۔

Recommended