Urdu News

حج 2022: مکہ پہنچنے پر عازمین حج کا سعودی قہوے اور پھولوں سے استقبال

مکہ پہنچنے پر عازمین حج کا سعودی قہوے اور پھولوں سے استقبال

مکہ مکرمہ،23جون (انڈیا نیرٹیو)

بیرون ملک سے عازمین حج کے قافلوں کی حجاز مقدس آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسرے ملکوں سے بیت اللہ کے دیدارکا شرف حاصل کرنے کے لیے آنے والے عازمین کا مملکت میں والہانہ استقبال کیا جا رہا ہے۔بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج جشن کی فضا میں سعودی عرب میں پہنچ رہے ہیں جہاں پھولوں، سعودی قہوے، زم زم، کھجوروں اور تحائف سے ان کا استقبال کیا جا رہا ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ،یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا کے مسلمانوں کی طواف کمپنی کے مرکز نمبر 9 کے سربراہ نادر بن اسامہ پاشا نے  بتایا کہ حجاج کرام کے لیے مکہ مکرمہ میں ان کی رہائش گاہوں پر آب زم زم کے ساتھ استقبالیہ پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب پہنچنے پرعازمین حج کی قہوے، کھجوروں، پھولوں اور مٹھائیوں سے تواضع کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طواف کمپنیاں عازمین حج کو ان کی آمد سے لے کر وطن واپس رونگی تک مناسک حج کی ادائی میں آسانی اور سہولت کی بہترین خدمات فراہم کرتی ہیں۔ خادم حرمین شریفین کی طرف سے عازمین حج کے لیے دی جانے والی غیرمعمولی سہولیات ان کے علاوہ ہیں جو عازمین حج کے آرام وسکون، سلامتی اوران کی حفاظت کے پیش نظر دی گئی ہیں تاکہ عازمین اطمینان کے ساتھ مناسک حج ادا کرسکیں۔

حجاج کرام نے مقدس سرزمین پہنچنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مہمان نوازی اور حسن استقبال ان کے لیے حیران کن نہیں ہے۔انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد ب سلمان کی طرف سے حج کی سرپرستی اور عازمین حج کے لیے گراں قدر خدمات اور سہولیات کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Recommended