کہا کووڈ کے بعد کی صورتحال کی بحالی میں باہمی تعاون کارآمد ہوگا
وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ برکس کے رکن ممالک (برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ) گروپنگ نے پچھلے کچھ سالوں میں ساختی تبدیلیاں لانے میں کامیابی حاصل کی ہے، جس سے ادارے کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہریوں نے کئی شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان تعاون سے فائدہ اٹھایا ہے۔
ورچوئل میڈیم کے ذریعے منعقدہ 14ویں برکس چوٹی کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں پی ایم مودی نے کہا کہ آج مسلسل تیسرے سال ہم کووڈ وبا کے چیلنجوں کے درمیان ورچوئل شکل میں مل رہے ہیں۔ اگرچہ عالمی سطح پر وبائی مرض کے پھیلنے میں کمی آئی ہے لیکن اس کے بہت سے مضر اثرات عالمی معیشت میں اب بھی نظر آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "برکس کے اراکین عالمی معیشت کی بحالی کے بارے میں ایک مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ ہمارا باہمی تعاون کووڈ کے بعد کی عالمی بحالی میں مفید کردار ادا کر سکتا ہے۔" انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آج کی ہماری بات چیت ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے وضع کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا، "ایسے بہت سے شعبے ہیں جہاں برکس ممالک کے درمیان تعاون سے شہریوں کو فائدہ ہوا ہے۔ برکس یوتھ سمٹ، برکس اسپورٹس، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور تھنک ٹینکس کے درمیان رابطوں کو بڑھا کر، ہم نے اپنے عوامی رابطے کو مستحکم کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چند سالوں میں برکس میں اہم تبدیلیاں کی ہیں جس سے اس ادارے کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔ی ہ بات خوش آئند ہے کہ برکس کے نئے ترقیاتی بینک مستحکم ہوا ہے۔
وزیر اعظم مودی، روسی صدر ولادیمیر پوتین، چینی صدر شی جن پنگ، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا اور برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ دو روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔