سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے راجستھان میں 1357 کروڑ روپئے کی لاگت کے 243 کلومیٹر طویل 9 نیشنل قومی شاہراہوں کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ ریاست میں قومی شاہراہ 168 اے پر سانچور سے نیناوا سیکشن کو چوڑا کرنے سے جالور ضلع کی گرینائٹ صنعتوں کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور کسانوں کے لئے سورت گڑھ منڈی تک پہنچنا آسان ہو جائے گا۔
جناب نتن گڈکری نے کہا کہ قومی شاہراہ 911 پر سری گنگا نگر سے رائیسنگ نگر تک اور قومی شاہراہ 62 پر سورت گڑھ سے سری گنگا نگر تک سڑک کے دونوں طرف بین الاقوامی سرحد اور ملٹری اسٹیشن تک کمک پہنچانا آسان ہو جائے گا، جس سے بھارت کی عسکری قوت میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو سرحدوں تک بہتر کنکٹی ویٹی حاصل ہوگی ، نئے روز گار پیدا ہوں گے ، جس سے راجستھان ترقی اور خوشحالی کی جانب بڑھے گا ۔
جناب گڈکری نے کہا کہ سورت گڑھ شہر میں چار لین والا فلائی اوور محفوظ اور بھیڑ سے پاک ٹریفک کو یقینی بنائے گا۔ مقامی لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آر او بی کی تعمیر سے جام سے نجات مل جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی دیگر پروجیکٹ گجرات اور راجستھان کے سیاحتی مقامات کے درمیان بہتر کنکٹی ویٹی میں سہولت پیدا کریں گے۔
تقریب کے دوران راجستھان میں 5000 کروڑ روپئے کی لاگت سے 25 نئے بائی پاس تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس کے علاوہ ، سیتو بندھن اسکیم کے تحت ریاستی شاہراہوں پر آر او بی کے لئے 200 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کے لئے سی آر آئی ایف میں 900 کروڑ روپئے اور سیتو بندھن اسکیم کے لئے 700 کروڑ روپئے بھی منظور کئے گئے ہیں۔ ان منصوبوں سے ایندھن کی بچت، حادثات میں کمی، صنعتی، زرعی، ٹرانسپورٹ اور سیاحت کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔