جی۔7سربراہی اجلاس کے مقام پرامریکی صدر جو بائیڈن، فرانسیسی صدر امینوئیل میکرون، کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جرمن چانسلر اولاف شولز، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا اور یورپی یونین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات
میونخ/نئی دہلی، 28 جون (انڈیا نیرٹیو)
وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن، فرانسیسی صدر امینوئیل میکرون، کنیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو، جرمن چانسلر اولاف شولز، جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا کے ساتھ پیر کوG-7 سربراہی اجلاس میں یورپی یونین کمیشن کی چیئرپرسن ارسلا کے ساتھ ملاقات کی۔ گروپ فوٹو لینے سے پہلے ان لیڈروں کے درمیان بات چیت بھی ہوئی۔
صدر بائیڈن اور وزیر اعظم مودی نے ایک دوسرے کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر کچھ دیر بات چیت کی۔ بائیڈن کے علاوہ وزیر اعظم مودی نے فرانسیسی صدر امینوئیل میکرون اور کناڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹوڈرو سے بھی بات چیت کی۔
وزیر اعظم مودی نے گروپ فوٹو کے ساتھ ایک کیپشن بھی ٹویٹ کیا، جس میں لکھا تھا: عالمی رہنماؤں کے ساتھG-7 سربراہی اجلاس میں۔ قابل ذکر ہے کہ مئی میں جاپان میں کواڈ سمٹ میں ملاقات کے بعد مودی اور بائیڈن کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی مفادات کے لیے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید تقویت دینے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ فرانس کے صدر امینوئیل میکرون سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے چائے پر مختلف دو طرفہ اور عالمی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامفوسا سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، خوراک کی حفاظت، دفاع، ادویات سازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی کارروائی میں ہندوستان-یورپی یونین تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے انڈونیشیا کے صدر جوکو ویڈوڈو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان رہنماؤں سے ملاقات اور بات چیت کو بہت مفید قرار دیا۔