ممبئی، 29 جون (انڈیا نیرٹیو)
مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو ایک خط لکھ کرجمعرات کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلا کر شام 5 بجے تک اکثریت ثابت کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گورنر نے سیشن میں اکثریت ثابت کرنے کے دوران ایم ایل اے کی گنتی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گورنر نے یہ خط مہاراشٹر لیجسلیچر سکریٹریٹ اور وزیراعلی ادھو ٹھاکرے کو بھیجا ہے۔
گورنر نے کہا ہے کہ ودھان بھون اجلاس میں ارکان اسمبلی کی آمد کے بعد کل موجود ایم ایل ایز کی گنتی کی جائے، تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ ودھان سبھا میں کتنے ایم ایل اے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی گورنر نے ڈپٹی اسپیکر کو صوتی ووٹ نہ لینے اور ایوان کو برخاست نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گورنر نے ڈپٹی اسپیکر نرہری جروال کو ہدایت کی ہے کہ خصوصی اجلاس کسی بھی صورت میں شام 5 بجے تک ختم کر دیا جائے، تاکہ ایوان کی کارروائی کسی بھی وجہ سے ملتوی نہ ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی گورنر نے اس خصوصی اجلاس کا لائیو ٹیلی کاسٹ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر دیویندر فڑنویس سمیت بی جے پی لیڈروں نے منگل کو گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی اور خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ فڑنویس نے گورنر سے کہا تھا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کچھ شیو سینا ایم ایل ایز کے باہرہونے کی وجہ سے اقلیت میں ہے، اس لیے فلور ٹیسٹ ضروری ہو گیا ہے۔