راج ناتھ سنگھ نے بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ، بھانور میں مینوفیکچرنگ کی نئی سہولیات قوم کو وقف کیں
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو تلنگانہ میں بھارت ڈائنامکس لمیٹڈ (بی ڈی ایل) کیبھانور یونٹ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈیفنس پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگز (ڈی پی ایس یو) کی کئی نئی مینوفیکچرنگ سہولیات قوم کے نام وقف کیں۔ اس میں بھانور یونٹ میں وار ہیڈ کی سہولت اور کنچن باغ یونٹ میں ریڈیو فریکوئنسی (آر ایف) سیکر کی سہولت شامل ہے۔ یہ سہولت مستقبل کے تمام میزائلوں میں ٹارگٹ ٹریکنگ کے لیے استعمال کی جائے گی جسے بی ڈی ایل نے 50 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے قائم کیا ہے۔
وزیر دفاع نے بی ڈی ایل کے محققین، انجینئروں، تکنیکی ماہرین اور دیگر اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے، 'میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ' کے ویزن کے مطابق غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر دیسی مصنوعات تیار کرکے خود انحصاری کی طرف مثبت نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے بی ڈی ایل کو اگلے پانچ سالوں کے لئے ایک دیسی منصوبہ تیار کرنے اور پہلے دو سالوں کے ہدف کو حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ راجناتھ سنگھ نے امید ظاہر کی کہ یہ کمپنی میزائل کی تیاری کے میدان میں ہندوستان کو 'خود انحصار' بنانے میں بڑا کردار ادا کرے گی۔ راجناتھ سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وارہیڈ کی سہولت مستقبل کے ہتھیاروں کی تیاری کے دائرہ کار کو متنوع بنائے گی اور یہ سہولت اس کے موجودہ اور مستقبل کے دونوں میزائلوں کے لیے استعمال کی جائے گی۔
وزیر دفاع نے بی ڈی ایل کے وشاکھاپٹنم یونٹ میں سنٹرل گودام کی سہولت کا بھی افتتاح کیا۔ اس جدید ترین سہولت میں عمودی کیروسل سسٹم، مکینیکل کمپیکٹر اور موٹرائزڈ کمپیکٹر شامل ہیں۔ یہ سہولت 4.90 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے تعمیر کی گئی ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ جونیئر کالج میں ملٹی پرپز کمیونٹی ہال، جمنازیم، سائنس لیبارٹریز، ضلع پریشد اسکول میں نو اضافی کلاس روم، مغربی گوداوری ضلع کے سینک مادھاورم گاؤں میں پرائمری اسکول میں دو اضافی کلاس رومز کا بھی افتتاح کیا۔ بی ڈی ایل نے اس گاؤں کو گود لیا ہے اور 4.5 کروڑ روپے کی لاگت سے بنیادی ڈھانچہ بنایا ہے۔ بی ڈی ایل کیمپس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔