اجمیر/جے پور، 6 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
پولیس نے نوپور شرما کے خلاف ایک ویڈیو جاری کرکے قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے درگاہ تھانے کے ہسٹری شیٹر سلمان چشتی کو دیر رات گرفتار کر لیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ا?ف پولیس وکاس سانگوان نے اس کی تصدیق کی ہے۔
چشتی کو کل دیر رات درگاہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ چشتی درگاہ تھانے کا ہسٹری شیٹر مجرم ہے۔ اس کے خلاف قتل، قاتلانہ حملہ، فائرنگ، مار پیٹ اور دھمکیاں دینے کے درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔
اجمیر خواجہ غریب نواز کی درگاہ میں خادم اور درگاہ تھانہ علاقے کا ہسٹری شیٹر سلمان چشتی نے دھمکی دی تھی کہ نوپور شرما کا سر قلم کرنے والے کو وہ اپنا مکان اور جائیداد دے دے گا۔ ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا تھا۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ ا?ف پولیس وکاس سانگوان نے ملزم سلمان چشتی کے خلاف درگاہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرنے کی ہدایت دی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ درگاہ کے خادم سید سلمان چشتی نشے کا عادی ہے۔ اس نے یوٹیوب پر نوپور شرما کو دھمکی دینے والا ویڈیو بھی ڈالا تھا اور درگاہ کے علاقے میں اپنے جاننے والوں کے واٹس ایپ گروپ میں بھی اس ویڈیو کو وائرل کیا تھا۔ ویڈیو کیس میں ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سی او سندیپ سرسوت نے بتایا کہ سلمان چشتی کے خلاف مختلف تھانوں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف قتل، قاتلانہ حملہ، فائرنگ اور مارپیٹ کے 15 مقدمات درج ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے ہی سلمان کی مجرمانہ نوعیت کے پیش نظر پولیس نے سیکشن 110 کی کارروائی کے لیے عرضی اے ڈی ایم کورٹ میں پیش کی تھی، جو ابھی زیر غور ہے۔