وزارت خارجہ نے تبت کے مذہبی رہنما دلائی لامہ کو ان کی سالگرہ پر وزیر اعظم کی مبارکباد دینے پر چین کے اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، جی 20 سے متعلقہ تقریب کے مقام کے طور پر جموں و کشمیر کے انتخاب پر چین اور پاکستان کے اعتراضات کو نظر انداز کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دلائی لامہ ہندوستان کے مہمان خصوصی ہیں اور ملک میں ان کے لاکھوں مداح ہیں۔ وزیراعظم کی مبارکباد کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ دلائی لامہ کے ہندوستان اور دیگر ممالک میں پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد ہے اور وہ ان کی سالگرہ مناتے ہیں۔ دلائی لامہ ہندوستان میں مذہبی اور روحانی سرگرمیوں میں سرگرم رہتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں گزشتہ سال بھی ان کی سالگرہ پر مبارکباد دی تھی۔قابل ذکر ہے کہ چین کی وزارت خارجہ نے پی ایم مودی کی مبارکباد کے سلسلے میں کہا تھا کہ ہندوستان کو سمجھنا چاہئے کہ دلائی لامہ علیحدگی پسند سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب وزارت خارجہ نے جی 20 باڈی کی ہندوستان کی صدارت کے دوران تقریب کے انعقاد کے طور پر جموں و کشمیر کے انتخاب کے حوالے سے چین اور پاکستان کے اعتراضات کو نظر انداز کر دیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ اس وقت مقامات کے بارے میں قیاس کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس سال دسمبر سے جی 20 کی صدارت سنبھالے گا۔ اگلے سال سربراہی اجلاس کے علاوہ، ہماری صدارت کے دوران ملک بھر میں مختلف سطحوں پرG20 کے متعدد پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔