بالی، انڈونیشیا میں جی-20 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر، ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں بھارت چین سرحد پر موجودہ کشیدگی بھی شامل ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس. جے شنکر اس وقت انڈونیشیا کے دورے پر ہیں۔ وہ یہاں جی-20 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔ جے شنکر نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ دن کی شروعات بالی میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی ملاقات سے ہوئی۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس بات چیت میں دونوں وزرائے خارجہ نے ہندوستان چین سرحد کی صورتحال سمیت دونوں ممالک کے تمام زیر التوا مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سال مئی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی کے معاملے پر مذاکرات ہوئے تھے۔
بدھ کو بالی میں ہونے والی بات چیت میں بھی یہی مسئلہ سرفہرست تھا۔ دونوں رہنماؤں نے سینئر فوجی کمانڈروں کی ملاقات کا اگلا دور جلد از جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جے شنکر نے ٹویٹ میں لکھا کہ دیگر مسائل کے علاوہ انہوں نے چین میں زیر تعلیم ہندوستانی طلباء کے مسائل کو بھی اٹھایا۔ اس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان طیاروں کے آپریشن کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے روس-یوکرین جنگ کے بعد بدلتی ہوئی بین الاقوامی صورتحال اور G-20اجلاس پر اس کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔