پٹنہ/مظفر پور،08 جولائی (ہ س)۔
بہارمیں مظفرپور کے بہار یونیو رسٹی کے تحت آنے والے نتیشور کالج کے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر للن کماردودن قبل اپنے تین سال کی تنخواہ واپس کر کے سرخیوں میں آئے تھے۔اب ان کے ساتھ ایک نیا موڑآیا ہے۔ پوری مدت میں ایک بھی طالب علم کونہیں پڑھانے کولیکرتنخواہ کی 82.23 لاکھ روپے یونیورسٹی کولوٹا کر سرخیوں میں میں رہنے والے ڈاکٹر للن کمار اب اپنے ہی اعلان کے جال میں پھنستے نظرآرہے ہیں۔جس اکاؤنٹ نمبر کا چیک انہوں نے یونیورسٹی کو دیا تھا اس میں صرف 970.95 روپے ہیں۔
بہاریونیورسٹی پورے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ اس معاملے میں نتیشورکالج کے پرنسپل سے بھی جواب طلب کیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق ڈاکٹرللن نے مٹھن پورہ ایس بی آئی برانچ کا چیک یونیورسٹی کو دیا تھا۔ 23.82 لاکھ روپے کی تنخواہ تقرری کی تاریخ سے25 ستمبر2019 سے مئی 2022 تک اکاؤنٹ نمبر(20181212259) کے چیک (959622) کے ذریعے واپس کی گئی۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 970.95 روپے ہیں۔ 5 جولائی کو انہوں نے چیک بھر کر یونیورسٹی کو بھیج دیا۔ اس دن ان کے اکاؤنٹ میں 968.95 روپے تھے۔ 6 جولائی کو ان کے اکاؤنٹ میں مزید دو روپے جمع ہو گئے۔ اس سے قبل 27 جون کو اکاؤنٹ سے 1.95 لاکھ روپے کا لین دین ہوا تھا۔
اس پورے معاملے پر نتیشور کالج کے پرنسپل ڈاکٹر منوج نے کہا کہ ڈاکٹر للن کمار کے علاوہ شعبہ ہندی میں ایک اورگیسٹ ٹیچر بھی ہیں۔ انہیں ہر ماہ تنخواہ دی جاتی ہے۔ اگر کلاسز نہیں چلیں گی تو گیسٹ ٹیچر کو تنخواہ کیسے ملے گی؟ للن کمار چاہتے ہیں کہ انہیں پی جی ڈیپارٹمنٹ یا پوسٹ گریجویٹ سطح کے کالج میں منتقل کیا جائے۔ یہ معاملہ یونیورسٹی کی سطح پر زیر التوا ہے۔ اس سے پریشان ہو کر انہوں نے انتظامی دباؤ بنانے کے لیے ایسا قدم اٹھایا ہے۔ادھرملک بھر میں مشہور ہونے کے بعد اب ڈاکٹر للن کمار جان پرخطرہ بتارہے ہیں۔سوشل میڈیا پر بھی لوگ پروفیسر صاحب پر تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ ان کے اس اقدام کودرست کہہ رہے ہیں،کچھ نے لکھا ہے کہ اگر تنخواہ واپس کرنی ہوتی تو ڈی ڈی کرواتے۔ کچھ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو ایمانداری کی بو محسوس ہوتی تھی۔ پھر لگا کہ آپ پوری تنخواہ واپس کر رہے ہیں،تواتنے دنوں سے کیا کھایا؟
دوسری طرف اسسٹنٹ پروفیسر للن کمار کے معاملے میں بہار یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر آر کے ٹھاکر نے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر منوج کمار سے رپورٹ طلب کی ہے۔ رجسٹرار نے کہا کہ اگر اساتذہ کہہ رہے ہیں کہ کلاسز نہیں ہوئیں تو یہ سنگین معاملہ ہے۔ جب تک پرنسپل سے رپورٹ موصول نہیں ہوتی۔ تب تک کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ وی سی کو بھیجے گئے خط میں انہوں نے کہا تھا کہ کلاس میں طلباء کی حاضری تقریباً صفر ہونے کی وجہ سے وہ اپنی ذمہ داری نبھانے کے قابل نہیں ہیں۔ مہاتما گاندھی کے دیے گئے علم کی بنیاد پراپنے ضمیر کی بات سنتے ہوئے ان حالات میں تنخواہ کی رقم قبول کرنا میرے لیے غیراخلاقی ہے۔ اس کے بعد ڈاکٹر للن کمار نے منگل کے روزرجسٹراربی آراے بہار یونیورسٹی کے نام اپنے دفتر میں 23 لاکھ 82 ہزار 228 روپے کا چیک وصول کیا۔ اس کے ساتھ وی سی کو ایک درخواست بھی دی گئی۔ اس میں انہوں نے آر ڈی ایس کالج یا ایم ڈی ڈی ایم کالج میں منتقلی کی درخواست بھی کی۔