Urdu News

وزارت خزانہ کی وضاحت، جی ایس ٹی صرف 25 کلو تک کی پیکنگ پرلاگو ہوگا

جی ایس ٹی صرف 25 کلو تک کی پیکنگ پرلاگو ہوگا

مرکزی وزارت خزانہ نے غیر برانڈڈ کھانے کی اشیاء اور دیگر مصنوعات پر جی ایس ٹی ٹیکس سلیب کے بارے میں وضاحت جاری کی ہے۔ وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ 18 جولائی سے نئے ٹیکس سلیب کا اطلاق صرف 25 کلوگرام تک کی پیکنگ پر ہوگا۔ اس سے بڑھ کر آٹے، چاول اور دالوں کی پیکنگ پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔وزارت خزانہ کے اس فیصلے کا کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (سی اے ٹی) نے پیر کو جاری ایک بیان میں خیرمقدم کیا ہے۔ سی اے آئی ٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ تاجروں کی مسلسل کوششوں کے بعد وزارت خزانہ کی یہ وضاحت تھوک فروشوں کو جی ایس ٹی کے دائرے سے باہر لے جائے گی، جو کہ ایک بڑی راحت ہوگی۔ جو لوگ اس ٹیکس کے دائرے میں آئیں گے، انہیں ادا کیے گئے ٹیکس کا ان پٹ کریڈٹ ملے گا، جب کہ ڈھیلے سامان دینے پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

کیٹ کے جنرل سکریٹری نے خزانہ اور کارپوریٹ امورکی مرکزی وزیر نرملا سیتا رمن،جی ایس ٹی کونسل اور مرکزی بورڈ آف بالواسطہ ٹیکس اور کسٹمز (سی بی آئی سی) کے چیئرمین وویک جوہری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے کیٹ کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کی وضاحت کر کے معاملے کو آسان کر دیا ہے۔ کھنڈیلوال نے  کہا کہ آج سے ملک بھر میں کچھ دیگر اشیاء پر 5 فیصد یا اس سے زیادہ ٹیکس لگایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ان اشیاء کے مہنگے ہونے کا امکان ہے۔ اس کا بوجھ براہ راست عام آدمی پر پڑے گا۔درحقیقت آج سے پیک شدہ دہی، لسی، مکھن دودھ سمیت تمام قسم کے خشک اور مائع غذائی اجناس مہنگے ہو گئے ہیں۔ ان اشیاء پر اب 5 فیصد جی ایس ٹی لگے گا، جو پہلے اس کے دائرہ کار سے باہر تھا۔ اب چیک بک جاری کرنے پر بینکوں کی طرف سے وصول کی جانے والی فیس پر 18 فیصد جی ایس ٹی ادا کرنا ہوگا۔ اسپتالوں میں جن کمروں کا کرایہ 5000 روپے سے زیادہ ہے (نان آئی سی یو) ان پر 5 فیصد جی ایس ٹی لگے گا، جبکہ ہوٹلوں کے کمرے جن کا کرایہ 1000 روپے یومیہ سے کم ہے ان پر 12 فیصد جی ایس ٹی لگے گا، جو پہلے مفت تھا۔ اسی طرح، ایل ای ڈی لائٹس، اب ایل ای ڈی لیمپ پر 18فیصدی جی ایس ٹی دینا پڑے گا۔ جو پہلے نہیں تھا۔ بلیڈ، کینچی، پیپر، پینسل، شارپنر، چمچ، کانٹے والے چمچ، اسکمرس اور کیک وغیرہ اشیاء پر پہلے12فیصدی کی جگہ18فیصدی جی ایس ٹی دینا ہوگا۔

Recommended