Urdu News

منکی پاکس: مرکز نے بڑھائی ہوائی اڈوں، بندرگاہوں پر چوکسی، اسکریننگ کی ہدایات

منکی پاکس: مرکز نے بڑھائی ہوائی اڈوں

نئی دہلی، 19 جولائی (انڈیا نیرٹیو )

ملک میں منکی پاکس کا دوسرا مریض ملنے کے ساتھ ہی مرکزی حکومت حرکت میں آگئی ہے۔ حکومت نے بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کے داخلی راستوں پر نگرانی بڑھانے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کا مقصد منکی پاکس کے مریضوں کی بروقت شناخت اور علاج کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں، مرکزی وزارت صحت کے حکام نے پیر کی شام کو ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر نگرانی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کے ہیلتھ حکام اور علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریاستوں کے ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کے صحت کے عہدیداروں کو منکی پاکس بیماری کے خطرے کو کم کرنے کے لئے تمام بین الاقوامی مسافروں کی صحت کی جانچ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزارت صحت نے منکی پاکس کے انتظام کے لیے تفصیلی رہنما خطوط جاری کیے تھے۔

مرکز نے ریاستوں کو منکی پاکس سے نمٹنے کے لیے کلینکل مینجمنٹ اور ٹریٹمینٹ کرنے کی صلاح دی ہے۔ بیرون ملک سے واپس آنے والے مسافروں کو بیمار افراد اور جانوروں سے دور رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ مریضوں کو بروقت آئیسولیشن میں بھیجنے اور ان کے علاج کو یقینی بنانے کے لیے  تمام اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیر کو ملک میں منکی پاکس کے دوسرے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔ 31 سالہ شخص حال ہی میں دبئی سے واپس آیا تھا۔ اس سے قبل بھی ایک 35 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی۔ دونوں مریضوں کی حالت مستحکم ہے۔

Recommended