Urdu News

ایشین گیمس کی نئی تاریخوں کا اعلان، اگلے سال 23 ستمبر سے شروع ہوں گے

ایشین گیمس کی نئی تاریخوں کا اعلان

چین کے شہر ہانگژو میں ہونے والے ایشین گیمس کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیاہے۔ ایشین گیمس اب سال کے بجائے آئندہ سال 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔ اولمپک کونسل آف ایشیا نے منگل کے روز  اس کا اعلان کیا۔

واضح ہو کہ پہلے ایشیائی کھیلوں کا انعقاد اسی سال 10 سے 25 ستمبرکے درمیان ژجیانگ صوبے  کے دارالحکومت ہانگژو میں ہونا تھا۔ یہ چین کے مالیاتی دارالحکومت شنگھائی سے تقریباً 175 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔اولمپک کونسل آف ایشیا نے ایشین گیمس کے ملتوی ہونے کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی تھی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملوں کی وجہ سے ایشین گیمس کو ملتوی کر دیاگیا تھا۔

او سی اے نے منگل کے روز  ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، ”ایشیائی اولمپک کونسل کو19ویں ایشین گیمس کی  نئی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے، جو اب 23 ستمبر سے 8 اکتوبر 2023 تک ہانگژو میں منعقد ہوں گے“۔

او سی اے نے منگل کے روز کہا کہ نئی تاریخوں کا انتخاب ”دیگر بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے ٹورنامنٹس سے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے“۔ایشین گیمس عام طور پر پورے خطے سے 10000 سے زیادہ ایتھلیٹس کو راغب کرتے ہیں۔بلاشبہ ایشین گیمس۔2022کی نئی تاریخوں سے اعلان سے کھیل شائقین کو خوشی ہوئی ہوگی۔

Recommended