Urdu News

ہندوستان زراعت کے شعبے میں بھوٹان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا

زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر

 

بھوٹان کے اقتصادی امور کے وزیر جناب لوک ناتھ شرما نے آج نئی دہلی میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب نریندر سنگھ تومر سے ملاقات کی۔ اس میٹنگ کے دوران جناب تومر نے کہا کہ ہندوستان نے زراعت کے شعبے میں بھوٹان کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا ہے اور وہ ہر ممکن طریقے سے مدد کرتا رہے گا۔

بھوٹان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے، جناب تومر نے دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا، اور کہا کہ بھوٹان پہلا ملک ہے جس کا دورہ جناب نریندر مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد کیا، جو ہمارے مضبوط تعلقات کو واضح کرتا ہے۔

جناب تومر نے کہا، ”ہندوستان اس دوستی کو مزید آگے بڑھانے کے لیے دل کھول کر تعاون کر رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری بھی مضبوط ہوئی ہے اور ہندوستان اس بات کے حق میں ہے کہ ہمارے تعلقات مزید گہرے ہونے چاہئیں۔ مرکزی وزارت زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیگر وزارتیں بھوٹان کے تئیں تعمیری فیصلے کر رہی ہیں۔ ہم بھوٹان سے درآمد کی جانے والی مختلف زرعی مصنوعات کے لیے ہندوستانی منڈیاں کھولنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ بھوٹان کی درخواست پر، اسے ہندوستان کو ادرک اور ایک سال مزید آلو برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے“۔

 

 

بھوٹان کے وزیر جناب شرما نے بھوٹان کو چینی کی فراہمی سمیت مختلف معاملات میں تعاون کے لیے ہندوستان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ زراعت کے مسائل ہمارے لیے اہم ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو بڑھانے کے لیے ہندوستان آئے ہیں۔ جناب شرما نے ادرک اور آلو کی برآمدات کے سلسلے میں بھوٹان کی درخواست پر ہندوستان کی حمایت کے لیے اپنا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے زور دیا کہ بھوٹان کی جانب سے ہندوستان کو سپاری برآمد کرنے کی درخواست پر جلد از جلد غور کیا جانا چاہیے اور پھلوں اور سبزیوں کی تجارت موجودہ شکل میں جاری رہنا چاہیے اور آزاد تجارت کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیا جانا چاہیے۔

Recommended