نئی دہلی:24؍جولائی2022:
سڑک ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے ناگپور میں 720کروڑ روپے کی لاگت والے28.88 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ 547-ای کے ساونیر-دھاپے واڑا-گونڈکھیری سیکشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جناب گڈکری نے کہا کہ گرین فیلڈ بائی پاس ، بڑے پل، ریلوے فلائی اوور کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے انڈر پاس ، اوور پاس، دونوں طرف بس شیلٹر جیسی مختلف خصوصیات سے مزین یہ قومی شاہراہ سیکشن اس علاقے میں آمدو رفت کی پریشانی کو دور کرے گا اور شہریوں کے لئے آسان و محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔
جناب نتن گڈکری نے کہا کہ ساونیر –دھاپےواڑہ-گونڈکھیری سیکشن کو چار لین کا بنانے سے زائرین کو اداسا کے مشہور گنیش مندر اور علاقے کے دھاپےواڑا میں وِٹھل –رُکمنی مندر سے بہتر کنکٹی وٹی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چندر بھاگا ندی پر نیا فور لین کا پل دھاپے واڑا میں ٹریفک جام سے راحت دے گا اور سفر کو محفوظ بنائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے علاقے کی زرعی اور مقامی پیداوار کو بڑے بازاروں تک رسائی قائم کرنے میں آسانی ہوگی۔
جناب گڈکری نے کہا کہ گونڈکھیری اور چِنچ بھون علاقوں میں لاجسٹکس اور صنعتی پارکوں میں اضافہ ہوگا۔ ساتھ ہی ناگپو رشہر کو بھوپال، اندور سے ممبئی، حیدرآباد آنے جانے والے بھاری ٹریفک سے راحت ملے گی۔