Urdu News

تلنگانہ: کویت سے واپس آنے والے نوجوان میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئیں

تلنگانہ: کویت سے واپس آنے والے نوجوان میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئیں

کویت کے سفر سے واپس آنے والے ضلع کاماریڈی کے ایک نوجوان میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئی ہیں۔ انہیں اتوار کی رات دیر گئے حیدرآباد کے نلکنٹا کے فیور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق، کاماریڈی ضلع کی مقامی بیماری کی نگرانی کرنے والی ٹیم نے نوجوان کو بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور زخم ہونے کے بعد الگ تھلگ کردیا تھا۔

ریاست کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر جی۔ سری نواس راؤ نے کہا کہ اس شخص کے جسم پر 23 جولائی کو دانے نکلنے لگے، جس کے بعد اسے ضلع کاماریڈی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ سینئر ہیلتھ افسر نے کہا کہ ہم نے چھ لوگوں کی شناخت کی ہے جو اس شخص کے رابطے میں آئے تھے۔ تاہم ان میں کوئی علامات نہیں ہیں اور انہیں آئیسولیشنمیں بھی رکھا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے اہلکاروں نے انہیں فیور  اسپتال بھیج دیا۔  فیور ہاسپٹل ریاست کا نوڈل ہاسپٹل ہے جو منکیپاکس کے مثبت کیسوں کا علاج فراہم کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پیر کے روز فیور اسپتال کے صحت کے حکام نے منکی پاکس کے مشتبہ مریض سے خون کے نمونے، زخم کے رطوبت، زخم کے کرسٹ اور پیشاب کے نمونے اکٹھے کیے اور انہیں ٹیسٹ کے لیے پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی) بھیج دیا۔ اس معاملے کی رپورٹ منگل کی شام تک موصول ہونے کا امکان ہے۔

فیوراسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر۔ شنکر نے کہا کہ منکی پاکس قریبی رابطے سے پھیلتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تلنگانہ میں زیادہ تر لوگ جنہیں پہلے ہی چیچک اور کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں وہ منکی پاکس  کا سامنا کرنے کی کافی صلاحیت رکھتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ملک میں منکی پاکس کا پہلا کیس 14 جولائی کو جنوبی کیرالہ کے کولم ضلع میں سامنے آیا تھا۔ دوسرا کیس 18 جولائی کو اور تیسرا کیس 22 جولائی کو کیرالہ میں ہی رپورٹ ہوا۔ تینوں افراد بیرون ملک سفر کے بعد واپس آئے تھے۔ چوتھا معاملہ اتوار کو دہلی میں سامنے آیا، جس کی غیر ملکی سفر کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

Recommended