Urdu News

پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی سے رشوت لینے کا الزام

پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

پاکستان میں بھی رشوت کا معاملہ گرم ہو رہا ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی رہنما نے الزام لگایا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی پارٹی کے ایک رہنما شاہد خاقان عباسی جو پاکستان کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے ایک بھارتی کمپنی سے 14 کروڑ روپئے رشوت لی تھی۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل-این) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے ایک بھارتی کمپنی سے رشوت لی انہوں نے کہا کہ عباسی اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کی کابینہ میں وزیر پیٹرولیم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

گل نے الزام لگایا کہ خاقان عباسی نے بطور مرکزی وزیر پیٹرولیم 2017 میں ٹیلی گرافک ٹرانسفر کے ذریعے ایک بھارتی کمپنی سے 14 کروڑ روپئے حاصل کئے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عباسی سے کی گئی تمام لین دین کی رسیدیں ان کے پاس ہیں۔ گل نے کہا کہ رقم یکم دسمبر 2016 اور 2 جنوری 2017 کو تین ٹرانزیکشن کے ذریعے عباسی کے بینک اکاؤنٹ میں رقم جمع کرائی گئی۔ انہوں نے بھارتی کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔

اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 63 سالہ عباسی نے کہا کہ ان پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے سابق حکمران جماعت کو ٹھوس شواہد کے ساتھ ان کے خلاف درخواست دائر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چار سال تک اقتدار میں رہی لیکن ان کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہو سکی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے ان کے خلاف دو جعلی مقدمات درج کئے تھے۔

Recommended