نئی دہلی، 02 اگست (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز اپنی سوشل میڈیا پروفائل تصویر کو تبدیل کرکے ہندوستانی پرچم 'ترنگا' لگا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اہل وطن سے بھی ایسا ہی کرنے کی تلقین کی ہے۔
وزیر اعظم نے قومی پرچم ’ترنگا‘ کو ڈیزائن کرنے والے پنگلی وینکیا کوان کی جینتی پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 'ترنگا' دینے کی ان کی کوششوں کے لیے قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔
انہوں نے کہا، ”آج 2 اگست ایک خاص دن ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں، ہماری قوم ہر گھر ترنگا کے لئے تیار ہے، جو ہمارے ترنگے کا جشن منانے کے لئے ایک اجتماعی تحریک ہے۔ میں نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر ڈی پی تبدیل کر دی ہے اور آپ سب سے بھی ایسا ہی کرنے کی گزارش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا، "میں عظیم پنگلی وینکیا کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ہمیں ترنگا دینے کی ان کی کوششوں کے لیے ہمارا ملک ہمیشہ ان کاممنون رہے گا، جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔ ترنگے سے طاقت اور ترغیب لیتے ہوئے، آئیے ملک کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں‘۔
وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے من کی بات کا پچھلا ایڈیشن بھی شیئر کیا ہے۔ اس میں انہوں نے آزادی کے امرت مہوتسوکے تحت 13 سے 15 اگست تک 'ہر گھر ترنگا' مہم کے انعقاد کا ذکر کیا۔ اس میں انہوں نے ہم وطنوں سے مہم کا حصہ بننے اور اپنے گھر پر ترنگا لہرانے کی اپیل کی تھی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہم وطنوں کو 2 اگست سے 15 اگست تک اپنی سوشل میڈیا پروفائل تصویروں میں ترنگا لگانے کا مشورہ بھی دیا۔ قابل ذکر ہے کہ 2 اگست کا ہمارے ترنگے سے خاص تعلق ہے۔ یہ دن پنگلی وینکیا کا یوم پیدائش ہے جنہوں نے ہمارے قومی پرچم کو ڈیزائن کیا تھا۔