برمنگھم/نئی دہلی، 3 اگست (انڈیا نیرٹیو)
کامن ویلتھ گیمز 2022 کا پانچواں دن ہندوستان کے لیے ایک اور کامیاب دن رہا۔ پانچویں دن، ہندوستان نے اپنے میڈل ٹیبل میں دو گولڈ سمیت کل چار اور تمغوں کا اضافہ کیا۔ ہندوستان کے کل ملا کر 13 ہوگئے جس میں 5 گولڈ، 5 چاندی اور 3 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
بھارت نے لان باؤلز میں رقم کی تاریخ، گولڈ میڈل جیتا
لولی چوبے، روپا رانی ٹرکی، پنکی اور نینمونی سیکیا کے کوارٹیٹ نے فائنل میں جنوبی افریقہ کو (10-17) سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔ لان باؤلز کے کھیل میں یہ ملک کا پہلا تمغہ ہے۔
ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کے لیے ایک اور تمغہ
ہندوستان کے وکاس ٹھاکر نے مردوں کے 96 کلوگرام مقابلے میں کل 346 کلوگرام (155 کلو گرام اسنیچ اور 191 کلو گرام کلین اینڈ جرک) کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ ویٹ لفٹنگ میں یہ ہندوستان کا آٹھواں تمغہ ہے۔
ہندوستان نے ٹیبل ٹینس میں ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل جیتا
ہندوستانی مردوں کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے سنگاپور کو شکست دے کر دولت مشترکہ کھیلوں میں اپنا لگاتار دوسرا طلائی تمغہ جیتا۔ حالانکہ، مخلوط بیڈمنٹن ٹیم گولڈ کوسٹ 2018 کے اپنے کارنامے کو دہرانے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور ٹیم کو چاندی کے تمغے سے مطمئن ہونا پڑا۔
ایتھلیٹکس میں بھی ہندوستان کا کمال
وہیں ایتھلیٹکس میں مرلی شری شنکر اور محمد انیس یحییٰ نے مردوں کی لمبی چھلانگ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اسٹار شاٹ پٹ کھلاڑی من پریت کور نے بھی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
تیراکی میں بھی ہندوستان کی کارکردگی شاندار رہی
مردوں کے 200 میٹر بیک اسٹروک میں، ہندوستان کے شری ہری نٹراج نے ریکارڈ وقت 2:00.84 کے ساتھ کیا اور کوالیفائنگ میں نویں مقام پر رہے۔ وہیں، تیراک کشاگر راوت اور ادویت پیج نے کوالیفکیشن میں آخری دو مقام حاصل کر مردوں کی 1500 میٹر فری اسٹائل فائنل میں جگہ بنائی۔
ناکامی بھی آئی ہاتھ
ویٹ لفٹر پونم یادو اپنی تین کلین اینڈ جرک لفٹوں میں خواتین کے 76 کلوگرام زمرے سے خالی ہاتھ لوٹیں۔ جب کہ دتی چند 100 میٹر کی دوڑ میں چوتھے نمبر پر رہیں، وہیں ہاکی میں، ہندوستان کو خواتین کے پول اے میچ میں انگلینڈ سے 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسکویش میں مردوں کے سنگل سیمی فائنل میں شکست کے بعد سورو گھوشال کانسے کے لیے جد وجہد کریں گے۔