Urdu News

جموں وکشمیر: پرجوش طلبا اورنوجوانوں کی ترال میں عظیم الشان ہر گھرترنگا مہم میں زبردست شرکت

پرجوش طلبا اورنوجوانوں کی ترال میں عظیم الشان ہر گھرترنگا مہم میں زبردست شرکت

آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت ہر گھر ترنگا مہم کے جوش و خروش اور تہواروں کو جاری رکھتے ہوئے  اور آزادی کے 75 سال کا جشن مناتے ہوئے، ہزاروں نوجوانوں اور طلبانے یہاں ترال میں قومی پرچموں کی نمائش اور حب الوطنی کے گیت گاتے ہوئے ایک عظیم الشان تقریب میں شرکت کی۔ کمشنر سکریٹری، آر ڈی ڈی، مندیپ کور نے بھی اس عظیم الشان تقریب میں شرکت کی جس میں 15000 سے زیادہ اسکولی بچوں اور نوجوانوں نے بھی حصہ لیا اور حب الوطنی کے خوبصورت گیت گائے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے کمشنر سکریٹری نے کہا کہ اس پہل کے پیچھے لوگوں میں ملکیت کا احساس پیدا کرنا اور آزادی کا امرت مہوتسو کو جن بھاگداری کے جذبے سے منانا ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ اس مہم کا مقصد شہریوں میں 13 اور 15 اگست کے درمیان ان کے گھروں پر قومی پرچم لہرانے کے خیال کو جنم دینا ہے۔ مندیپ کور نے یہ بھی  کہا کہ ہر گھر ترنگا کی سرگرمیوں کے پیچھے لوگوں کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبات کو جنم دینا اور ان میں ہندوستانی قومی پرچم کے بارے میں بیداری کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مہم کو ایک عوامی تحریک بنانے کے لیے نوجوانوں اور عام لوگوں کے کردار کی بھی تعریف کی۔

 کمشنر سکریٹری نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ نوجوانوں اور طلبا کی فعال شرکت نے مہم کو کامیاب بنانے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے شرکا میں آزادی کی جدوجہد کے نظریات کو بھی اجاگر کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان نظریات کی پاسداری کریں اور ان پر عمل کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے کہا کہ جدوجہد آزادی سے جڑے مختلف مقامات پر مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کو فروغ دینے کے لیے ضلع بھر میں ریلیاں، مباحثے، کوئز، پینٹنگ مقابلے اور ثقافتی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی سی نے ہر گھر ترنگا کو کامیاب بنانے میں سکولوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے اس مہم کو ضلع بھر میں کامیاب بنایا ہے۔

Recommended