Urdu News

خلا سے آیا یوم آزادی کی مبارک باد کا پیغام

خلاباز سامنتھا کرسٹوفوریٹی

نئی دہلی، 14 اگست (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر منائے جارہے امرت مہوتسو کی خلا میں بھی دھوم ہے۔ دنیا سے ہندوستان کو بھیجے جارہے مبارکبادی پیغامات میں ایک پیغام سیارہ زمین سے بہت دور خلا سے آیا ہے۔ یہ پیغام اطالوی خلاباز سامنتھا کرسٹوفوریٹی نے بین الاقوامی خلائی مرکز سے بھیجا تھا۔ کرسٹوفوریٹی نے اس خصوصی موقع پر ہندوستان کو مبارکباد دیتے ہوئے خلا سے ایک ویڈیو پیغام بھیج کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سامنتھا کرسٹوفوریٹی کا یہ مبارکبادی ویڈیو پیغام اسرو کے آفیشیل ٹویٹر ہینڈل سے شیئر کیا گیا ہے۔ اس کا دورانیہ 1 منٹ 13 سیکنڈ ہے۔ ویڈیو میں، خلاباز کرسٹوفوریٹی سرخ رنگ کی ٹی شرٹ پہنے نظر آرہی ہیں اور اسرو ایجنسی کو نیک خواہشات کا اظہار کررہی ہیں۔

خلاباز سامنتھا کرسٹوفوریٹی نے کہا کہ ہندوستان کو آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے خوشی ہورہی ہے۔ کئی دہائیوں سے بین الاقوامی ایجنسیوں نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے ساتھ کئی خلائی اور سائنس مشنوں پر کام کیا ہے۔سامنتھا کرسٹوفوریٹی یورپی خلائی ایجنسی (ای ایس اے) کی ایک خلاباز ہیں اور وہ اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ہیں۔ انہوں نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کو ”گگنیان“ پروگرام کی کامیابی کی تمنا کی۔

Recommended