حال ہی میں ایک رپورٹ میڈیا میں آئی، جس میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ ہندوستانی ریلوے نے ٹرین میں سفر کرنے والے بچوں کے لیے ٹکٹ کے قوانین میں تبدیلی کی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اب ایک سے چار سال کے بچوں کو ٹرین میں سفر کرنے کے لیے ٹکٹ لینا پڑے گا۔ یہ خبری مواد اور میڈیا رپورٹس گمراہ کن ہیں۔
سینئر پبلک ریلیشن آفیسر امت مالویہ نے بدھ کو بتایا کہ ہندوستانی ریلوے نے ٹرین میں سفر کرنے والے بچوں کے ٹکٹوں کی بکنگ کے سلسلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ مسافروں کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ چاہیں تو ٹکٹ خریدیں اور 5 سال سے کم عمر کے اپنے بچے کے لیے برتھ بک کروائیں۔ اگر وہ الگ برتھ نہیں چاہتے ہیں تو یہ سہولت مفت ہے جیسا کہ پہلے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے کی وزارت کے 06 مارچ 2020 کے ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو مفت سفر کی اجازت پہلے کی طرح ہوگی۔ تاہم، کوئی الگ برتھ یا سیٹ (کرسی کار میں) فراہم نہیں کی جائے گی۔۔ اگر 5 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے رضا کارانہ بنیاد پر برتھ سیٹ کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو بالغ افراد والا مکمل کرایہ وصول کیا جائے گا۔