سری نگر 25 اگست (انڈیا نیرٹیو)
کبھی خوف کا گڑھ جو علاقہ ہوا کرتا تھا، شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی خوبصورت وادی گریز نے ہندوستان میں بہترین آف بیٹ ڈیسٹینیشن ایوارڈ 2022 حاصل کیا۔ سرکاری ذرائع نیبتایا کہ گریز وادی کو دہلی میں “آؤٹ لک ٹریولر میگزین” کے زیر اہتمام ایک ایوارڈ تقریب میں ہندوستان میں بہترین سیاحتی مقام کے لیے سونے کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ، ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ گریز نے 2022 کے لیے بہترین آف بیٹ ڈیسٹینیشن کا ایوارڈ جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ محنتی عہدیداروں اور خاص طور پر نوجوان رضاکاروں اور کاروباریوں کو جاتا ہے،جنہوں نے مختصر وقت میں اس طرح کے سیاحوں کے لیے دوستانہ ماحول پیدا کیا۔
فروری 2021 میں دونوں ممالک کے جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد جموں و کشمیر کے دیگر سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ گریز میں سیاحت نے زور پکڑا۔وادی گریز میں جہاں لوگ سرحد پار گولہ باری کے خوف سے دن کے وقت باہر نکلنے سے پرہیز کرتے تھے، اب ان جگہوں پر سیاحوں کی طرف سے رات بھر جاگنے کے ساتھ نائٹ کیمپنگ سمیت رات کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں سیاحوں کو دکھانے کے لیے بہت کچھ ہے جبکہ ایڈونچر اور کھیلوں کی سیاحت کی گنجائش موجود ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ وادی گریز کو دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے دراندازی کی راہداری کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے اور ایل او سی کے ساتھ رہنے والے لوگ ہندوستانی اور پاکستانی فوجوں کی طرف سے ایک دوسرے پر داغے جانے والے گولوں اور بموں کا شکار ہوئے ہیں۔