اسلام آباد، 29؍ اگست
پاکستان میں 5.7 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے کیونکہ ملک کو اپنی تاریخ کے بدترین بارشوں سے آنے والے سیلاب کا سامنا ہے۔ ملک میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا کام جاری ہے۔ دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق اس تباہی سے تقریباً 719,558 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملکی حکومت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سیلاب کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے عطیات کی اپیلیں کی ہیں۔ سیلاب نے پاکستان میں زرعی اراضی اور انفراسٹرکچر کو بھی متاثر کیا ہے جس سے صوبوں میں 949,858 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں جون سے اب تک سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور ہزاروں افراد زخمی یا بے گھر ہو چکے ہیں۔
جیو نیوز نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ بارشوں اور سیلاب سے 14 جون سے اب تک کم از کم 1,033 افراد ہلاک اور 1,527 زخمی ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں چار، گلگت بلتستان میں چھ، خیبرپختونخوا میں 31 اور سندھ میں 76 اموات ہوئیں۔
پاکستان بھر سے 14 جون کے مجموعی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 3,451.5 کلومیٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے، اور 149 پل گر گئے ہیں، 170 دکانیں تباہ ہو گئی ہیں۔ مجموعی طور پر 949,858 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق، پاکستان کے کم از کم 110 اضلاع سیلاب کی زد میں آئے ہیں جن میں سے 72 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان ایک دہائی سے زائد عرصے میں اپنی بدترین قدرتی آفت سے نبرد آزما ہے۔