Urdu News

بنگلورو کے چامراج پیٹ عیدگاہ میدان میں گنیش پوجا کی اجازت نہیں

بنگلورو کے چامراج پیٹ عیدگاہ میدان میں گنیش پوجا کی اجازت نہیں

سپریم کورٹ نے بنگلورو کے چامراج پیٹ عیدگاہ میدان میں گنیش چترتھی کی پوجا کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ جسٹس اندرا بنرجی کی سربراہی والی تین رکنی بنچ نے کہا کہ پوجا کہیں اور کی جانی چاہئے اور جائے وقوع کی موجودہ حیثیت برقرار رکھی جانی چاہئے۔

عدالت نے کہا کہ گذشتہ دو سو برسوں میں عیدگاہ میدان میں کوئی پوجا نہیں ہوئی ہے۔ اس لئے اسکی حیثیت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔ عدالت نے تمام فریقین کو دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران کرناٹک وقف بورڈ نے اس جگہ کو اپنی ملکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں دو سو برسوں سے عید کی نماز ہوتی ہے۔

کرناٹک حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے والی کرناٹک وقف بورڈ کی عرضی کی سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ گنیش چترتھی کے دوران پوجا کے لئے صرف دو دن دیئے جائیں۔ ہم امن و امان کی صورتحال دیکھ لیں گے۔ تب وقف بورڈ کے وکیل دشینت دوے نے کہا کہ یوپی کے وزیراعلیٰ نے عدالت سے وعدہ کیا تھا کہ بابری مسجد کو نہیں توڑا جائے گا لیکن اسے توڑ دیا گیا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کی دو ججوں کی بنچ اس نکتے پر متفق نہیں تھی۔ اس کے بعد کرناٹک وقف بورڈ نے چیف جسٹس یو یو للت کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملے کا ذکر کیا، جس کے بعد چیف جسٹس نے اس معاملے کی سماعت کے لئے جسٹس اندرا بنرجی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تشکیل دی۔

Recommended