نئی دہلی، 11 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)
برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کے اعزاز میں آج ملک میں سرکاری سوگ ہے۔ لال قلعہ اور راشٹرپتی بھون پر قومی پرچم نصف جھکا ہوا ہے۔ ملکہ الزبتھ دوم کاجمعرات کو انتقال ہوگیا۔ اس کے بعد حکومت نے ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا تھا۔ برطانیہ میں 10 روزہ قومی سوگ ہے۔
اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کیا تھا کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کا جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ ان کے اعزاز میں 11 ستمبر کو ملک بھر میں ایک روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملکہ کی موت کے بعد انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ملکہ کی موت کا دکھ ہے۔ غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ میری تعزیت ہے۔