Urdu News

تین ہزار لڑکیوں کے آڈیشن دینے کے بعد مہیما چودھری کیسے بنی تھیں ‘پردیس کی گنگا’؟

بالی ووڈ میں پردیس گرل کے نام سے مشہور اداکارہ مہیما چودھری

برتھ ڈے اسپیشل 13 ستمبر

بالی ووڈ میں پردیس گرل کے نام سے مشہور اداکارہ مہیما چودھری 13 ستمبر 1973 کو دارجلنگ میں پیدا ہوئیں۔ مہیما کے بچپن کا نام ریتو چودھری تھا۔ انہوں نے اپنی تعلیم دارجلنگ سے مکمل کی۔

اس کے بعد 1990 میں انہوں نے پڑھائی چھوڑ دی اور ماڈلنگ کی دنیا میں قسمت آزمائی شروع کر دی۔ اس دوران انہیں کئی اشتہارات میں کام کرنے کا موقع ملا۔

اپنے کریئر کے آغاز میں ہی مہیما کو عامر خان اور ایشوریہ رائے کے ساتھ کولڈ ڈرنک کے اشتہار میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ اشتہار کافی مشہور ہوا اور مہیما کو ہر گھر میں پہچانا گیا۔

اس کے بعد مہیما نے بطور وی جے ایک میوزک چینل جوائن کیا۔ اسی دوران فلمساز سبھاش گھئی فلم ‘پردیس’ کے لیے ہیروئن کی تلاش میں تھے۔

تقریباً 3000 لڑکیوں کے آڈیشن دینے کے بعد ان کی نظر مہیما پر پڑی اور انہوں نے مہیما کو یہ فلم آفر کی۔ اس کے ساتھ ہی سبھاش گھئی نے  ان کا نام ریتو سے بدل کر مہیما چودھری رکھ دیا۔

مہیما چودھری اس فلم میں ‘گنگا’ کے کردار میں نظر آئیں۔ اس فلم میں شاہ رخ خان اور اپوروا اگنی ہوتری کے ساتھ ان کی جوڑی تھی۔ اس فلم نے مہیما کو راتوں رات اسٹار بنا دیا۔

مہیما کو ان کی شاندار اداکاری کے لیے فلم فیئر بیسٹ ڈیبیو آرٹسٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد مہیما نے کئی بالی ووڈ فلموں میں کام کیا۔ جس میں ‘داغ دی فائر’، ‘دھڑکن’، ‘دل ہے تمہارا’، ‘ایل اوسی کارگل’، ‘ہوم ڈیلیوری’، ‘سینڈوچ’، ‘لجا’ وغیرہ جیسی کئی فلمیں ہیں۔

مہیما نے 2006 میں آرٹسٹ اور بزنس مین بوبی مکھرجی سے خفیہ شادی کی۔ تاہم 2013 میں دونوں کی طلاق ہو گئی۔ ان دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے، جو مہیما کے ساتھ رہتی ہے۔

حال ہی میں مہیما چودھری  اس وقت سرخیوں میں آئیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی اور اپنے چھاتی کے کینسر کے سفر کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔ فی الحال مہیما نے اس بیماری کو شکست دے دی ہے اور اپنے کیریئر پر توجہ دے رہی ہے۔

کام کے محاذ  کی بات کریں تومہیما چودھری جلد ہی فلموں ‘دی سگنیچر’ اور ‘ایمرجنسی’ میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

Recommended