Urdu News

پوتن کی پارٹی سے دوسری مرتبہ روس میں ممبراسمبلی بنے بہار کے ڈاکٹر ابھے سنگھ

پوتن کی پارٹی سے دوسری مرتبہ روس میں ممبراسمبلی بنے بہار کے ڈاکٹر ابھے سنگھ

ماسکو، 13 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)

 روسی صدر ولادیمیر پوتن کی پارٹی یونائیٹڈ رشا کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے ہندوستان کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ابھے سنگھ دوسری بار ایم ایل اے بن گئے ہیں۔

ابھے نے 70 فیصد ووٹ حاصل کرکے ریکارڈ بھی بنایا ہے۔بھارتی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں پیدا ہونے والے ابھے سنگھ 1990 کی دہائی میں طب کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے روس گئے تھے۔

وہاں کی کرسک اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے کے بعد ابھے سنگھ واپس ہندوستان آئے لیکن روس کی محبت انہیں واپس کرسک لے گئی۔ 1943 میں ہٹلر کی فوج کی شکست کے لئے جانے جانے والے کرسک میں وہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کی پارٹی یونائیٹڈ رشا سے جڑ گئے۔ 2017 میں انہوں نے پوتن کی پارٹی سے پہلی بار ایم ایل اے کا انتخاب لڑا اور جیتا۔

ابھے سنگھ نے کہا کہ وہ صدر پوتن سے بہت متاثر ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ روس میں ابتدائی دور میں کاروبار کرنا مشکل تھا کیونکہ وہ سفید فام نہیں تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ محنت پر قائم رہیں گے۔

آہستہ آہستہ ابھے کے پاؤں روس میں جم گئے اور کاروبار بھی بڑھ گیا۔ میڈیکل کے شعبے میں اپنی تجارتی کامیابی کے بعد انہوں نے رئیل اسٹیٹ میں بھی توسیع کی اور آج وہ روس میں چند شاپنگ مالز کے مالک ہیں۔

ابھے کو اس بات پر فخر ہے کہ ہندوستانی ہونے کے باوجود وہ روس میں رہے اور آج وہاں الیکشن جیت چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج بھی وقت ملنے پر بہار جانے کی کوشش ہوتی ہے کیونکہ تمام دوست اور رشتہ دار صرف پٹنہ میں ہیں۔

Recommended