Urdu News

قومی اردو کونسل جدید ٹکنالوجی کے ذریعے اردو کے فروغ میں سرگرم:شیخ عقیل

کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد

 قومی اردو کونسل اردو زبان کی ترویج و اشاعت اور اس کی رسائی کا دائرہ وسیع سے وسیع تر کرنے کے اپنے عزائم پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں جدید ٹکنالوجی کا بھی بھرپور استعمال کررہی ہے، جس کے خاطر خواہ نتائج حاصل ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے آج اپنے ایک بیان میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ کونسل جہاں ہر سال درسیات اور دیگر علمی،ادبی و تنقیدی موضوعات پر گراں قدر کتابیں اور چار مقبول و مشہور علمی و ادبی رسائل(سہ ماہی فکر و تحقیق، ماہنامہ اردو دنیا، ماہنامہ بچوں کی دنیا اور ماہنامہ خواتین دنیا) شائع کرتی اور فروغِ اردو کی مختلف اسکیمیں چلاتی ہے، وہیں ان مطبوعات کو آن لائن پلیٹ فارمز پر بھی دستیاب کرایا جاتا ہے، جس سے ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر کے اہل اردو استفادہ کر رہے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ حال ہی میں آئی آئی ٹی دہلی نے اردو او سی آر(Optical Character Recognition)  پروجیکٹ میں کونسل کو بہ طور معاون شریک کیا ہے اور عنقریب اس سلسلے میں باضابطہ ایک معاہدے پر دستخط متوقع ہے۔

 اسی طرح کونسل کے اردو لرننگ سافٹ ویئر کی تشکیلِ نو کی گئی ہے اور اس وقت اس سے اٹھائیس ملکوں کے چونتیس ہزار شائقینِ اردوفائدہ اٹھا رہے ہیں، ان ملکوں میں ہندوپاکستان کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، فرانس، اسپین، ساؤتھ افریقہ،ناروے، نیدر لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، کنیڈا، برازیل، یواے ای،میکسیکو،روس اور پرتگال وغیرہ جیسے ممالک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ای پب فارمیٹ میں پندرہ ہزار الفاظ پر مشتمل اردو-ہندی-انگریزی لغت تقریباً تیار ہے،جسے جلد ہی لائیو کردیا جائے گا۔

Recommended