قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے صدر دفتر میں ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد کے ہاتھوں آج ماہنامہ ’اطلاع عام‘ آسنسول کے ایڈیٹر ڈاکٹر عبدالرؤف کے سفرناموں کے مجموعے’شاہین کی پرواز‘ کا اجرا عمل میں آیا۔
اس موقعے سے شیخ عقیل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالرؤف ایک سرگرم صحافی اورمشہور صاحبِ قلم ہیں،ان کی ادارت میں کئی سالوں سے ماہنامہ ’اطلاع عام‘ پابندی سے شائع ہورہا ہے،انھوں نے بیرون و بیرون ملک کے اپنے اسفار کی روداد اس کتاب میں بہت عمدہ انداز میں بیان کی ہے۔
اس کتاب میں ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات وغیرہ کے ان کے اسفار کا احوال بھی درج ہے،جسے پڑھ کر بہت کچھ نیا جاننے کو ملتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اردو میں سفرنامہ نگاری کا رواج قدیم زمانے سے ہے اور بہت سے اصحابِ علم و قلم نے اپنے سفرنامے تحریر کیے ہیں،جن میں سے کچھ اپنی علمی و ادبی خصوصیات کی وجہ سے بہت مشہور بھی ہیں،مجھے امید ہے کہ ڈاکٹرعبدالرؤف کے سفرناموں کا یہ مجموعہ بھی اہلِ علم کے حلقے میں پذیرائی حاصل کرے گا۔