ریاضی میں بہت کمزور لیکن پرندوں کی زبان کے ماہر۔ پرندوں کی چہچہاہٹ کو قدرت کا سنگیت اور رنگ برنگی چڑیوں کو قدرت کا زیور سمجھنے والے ڈاکٹر سالم علی کا یوم پیدائش 12 نومبر 1896 کو پرندوں کا قومی دن مانا جاتا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ آرنیتھولوجسٹ اور ماہر فطرت ڈاکٹر سالم علی نے ہندوستان میں پہلی بار پرندوں کا آزادانہ مطالعہ اور سروے کر پرندوں کی ان اقسام کی نشاندہی کی جو معدومیت کے دہانے پر ہیں۔ بمبئی میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر سالم علی صرف 10 سال کی عمر میں پرندوں کی طرف متوجہ ہوئے۔
انہوں نے بامبے نیچرل ہسٹری سوسائٹی کے سکریٹری ڈبلیو ایس ملارڈ کی نگرانی میں پرندوں کا مطالعہ شروع کیا۔ اس مطالعہ میں، انہوں نے ایک غیر معمولی رنگ والی گوریا کی شناخت کی۔
پرندوں کے تحفظ کی بھرپور وکالت کرنے والے ڈاکٹر سالم علی نے اپنی زندگی کے تقریباً 65 سال مطالعہ میں گزارے۔ انہوں نے اس موضوع پر کئی کتابیں لکھیں جن میں ”برڈس آف انڈیا“ کو سب سے زیادہ سراہا گیا۔
پرندوں کے معاملے میں انہیں موبائل ڈکشنری اور برڈ مین آف انڈیا بھی کہا جاتا ہے۔ انہیں 1958 میں پدم بھوشن اور 1976 میں پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر سالم علی کا انتقال 27 جولائی 1987 کو 91 سال کی عمر میں ہوا۔