شعبہ اردو اسلام پور کالج میں ’اردو میں کیریئر کے امکانات‘ کے موضوع پر توسیعی خطبہ کا اہتمام
اسلام پور۔ 22/ دسمبر
شعبہ اردو اسلام پور کالج میں ایک توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے استاد ڈاکٹرخالد مبشر نے اردو میں کیریئر کے امکانات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیریئر کے لیے اسی میدان کو چننا چاہئے جس میں آپ کی دلچسپی ہو۔ کوئی بھی موضوع اچھا یا برا نہیں ہوتا۔
آپ کی وابستگی اور لگن اس کو اچھا یا برا بناتی ہے۔ انہوں نے اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو زبان کی سب سے بڑی طاقت اس کا صوتیاتی نظام ہے۔دنیا کی اکثر زبانوں کی آوازوں کو اس نے اپنے اندر سمیٹ کر رکھا ہے۔اردو والا کوئی بھی زبان آسانی سے سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اردو ہی وہ واحد زبان ہے جو ہندوستان اور اس کے پڑوسی ملکوں میں رابطے کی زبان بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اردو رسم الخط کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو رسم الخط کی وجہ سے اردو والے بہت سی عالمی زبانوں سے جڑ جاتے ہیں۔ اردو میں کیریئر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اردو والے صرف درس وتدریس ہی نہیں بلکہ کسی بھی شعبہ میں اپنا کیریئر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے اردو طلبا کو احساس کمتری سے دور رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی زبان تہذیب اور کلچر پر فخر کرنا چاہئے۔
اس موقع پر علاقہ کے مشہور شاعر جہانگیر نایاب صاحب نے اپنا کلام پیش کیا۔ پروگرام کے افتتاحی خطاب میں شعبہ کے استاد ڈاکٹر عزیر احمد نے کہا کہ عام طور پر لوگ انجینرنگ اور میڈیکل میں ہی اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں لیکن کیریئر صرف انہی میدان میں نہیں ہے۔ زبان کو بھی کیریئر کے طور پر منتخب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مہمان محترم کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ اردو کے باصلاحیت محقق اور شاعر ہیں۔
کالج کی گورننگ باڈی کے ممبر جناب ذاکر حسین نے اپنے خطاب میں علاقے سے اردو کے ختم ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہار سے الگ ہونے کے وقت یہاں اردو ہی اسکولوں میں میڈیم کے طور پر رائج تھی لیکن اب وہ صورتحا ل نہیں ہے۔ کالج کے ٹیچر انچارج پروفیسر کاجل رنجن بسواس نے کہا کہ آج کی گفتگو سے ہم سب کو معلوم ہوا کہ اردو ایک اہم زبان ہے۔ اردو والے طلبا کو احساس کمتری میں نہیں مبتلا ہونا چاہئے۔ پروگرام کی نظامت شعبہ کے استاد ڈاکٹر محمد شہنواز عالم نے اور شکریہ کی رسم ڈاکٹر محبوب عالم نے انجام دی۔ پروگرام میں کالج کے مختلف شعبوں کے اساتذہ کے علاوہ طلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔