نئی دہلی، 29 دسمبر (انڈیا نیریٹو)
وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو کولکتہ میں قومی مشن برائے صاف گنگا کی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ مودی ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن سے مغربی بنگال کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھا کر ریاست میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم مودی 30 دسمبر کو مغربی بنگال کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم تقریباً 11.15 بجے ہاوڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے، جہاں وہ ہاوڑہ سے نیو جلپائی گوڑی کو جوڑنے والی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
وہ کولکتہ میں میٹرو کی جوکا تراٹلا پرپل لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور مختلف ریل پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم دوپہر 12 بجے آئی این ایس نیتا جی سبھاش پہنچیں گے اور نیتا جی سبھاش کے مجسمہ پر پھول چڑھائیں گے۔
وہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی – نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف واٹر اینڈ سینی ٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم نیشنل مشن فار کلین گنگا کے تحت مغربی بنگال کے لیے کئی سیور انفراسٹرکچر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ وہ تقریباً 12.25 بجے نیشنل گنگا کونسل کی دوسری میٹنگ کی صدارت کریں گے۔