نئی دہلی، 03 جنوری (انڈیا نیرٹیو)
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان کو دنیا میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کا مرکز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو مدد فراہم کرتا ہے اور ہندوستانی پارلیمنٹ اور ممبئی پر دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار ہے۔
ایک یورپی ٹیلی ویڑن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان کے حوالے سے یورپی ممالک کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں اور دہشت گردوں کو فوجی تربیت دی جاتی ہے۔
جے شنکر نے روس یوکرین تنازعہ کے درمیان انٹرویو میں کہا کہ ہندوستان اتحاد کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا۔ ایک خود مختار ملک ہونے کے ناطے اس کے روس سمیت مختلف ممالک سے تعلقات ہیں جن کا اپنا پس منظر ہے۔ انہوں نے روس اور چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہندوستان کے موقف کو مزید واضح کیا۔ جے شنکر نے پاکستان کی دہشت گردی کو فروغ دینے کی پالیسی کی سخت مذمت کی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا پس منظر ہے۔ مغربی جمہوریتیں کبھی پاکستان کی فوجی آمریت کو فوجی سازوسامان فراہم کرتی تھیں اور خود کو ہندوستان سے دور کر لیتی تھیں۔
اس دوران روس بھارت کو ہتھیار دیتا تھا۔ یہ رشتہ آج بھی جاری ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان کا روس کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ ہندوستان کی اپنی ایک آزاد سوچ ہے جسے وہ وقتاً فوقتاً دنیا کے سامنے واضح کرتا رہتا ہے۔