آزادی کے ’امرت کال‘میں ’غلامی کی ذہنیت‘ سے باہر آنے کے لیے مرکزی حکومت نے ہفتہ کے روز نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں واقع مغل گارڈن کا نام تبدیل کر ’امرت ادیان‘ کر دیا ہے۔
صدر جمہوریہ ہنددروپدی مرمو کی ڈپٹی پریس سکریٹری نویکاگپتا نے کہا،’’آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر’آزادی کے امرت مہوتسو‘ پر، صدر جمہوریہ ہند نے راشٹرپتی بھون گارڈن کو امرت ادیان کے نام سے ایک عام نام دیا ہے۔
صدر دروپدی مرمو 29 جنوری کو ادیان اتسو کا افتتاح کریں گی۔ اس کے بعد 31 جنوری سے 26 مارچ تک امرت ادیان عام لوگوں کے لیے دو ماہ تک کھلا رہے گا۔ آن لائن بکنگ کر لوگ امرت ادیان کا دورہ کرکے 12 اقسام کے ٹیولپس اور دیگر پھولوں کو دیکھ سکیں گے۔ یہ ہفتے کے ہر پیر کو بند رہے گا۔ اس کے علاوہ 8 مارچ کو ہولی کے موقع پر بھی بند رہے گا۔
واضح ہو کہ نام تبدیل کیے جانے پر لوگوں نے سوشل میڈیا پر زبردست رد عمل کا اظہار کیا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں کا یہ کہنا ہے کہ اگر مغل گارڈن کا نام امرت ادیان ہے تو اس کا مطلب ہے کہ مغل کا دور امرت کال جیسا تھا، اسی طرح سے مزید صارفین نے مختلف انداز میں سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔