Urdu News

آسام میں دنیا کے مشہورکازیرنگا نیشنل پارک میں غیرملکی سیاحوں کی آمدمیں 789فیصداضافہ

کازیرنگا نیشنل پارک

 گواہاٹی۔ 3؍ فروری

  آسام کازیرنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو  جو ہندوستان کا ساتواں یونیسکو عالمی ثقافتی ورثہ  ہے اور جو  اپنے ایک سینگ والے گینڈے کے لیے مشہور ہے، تیزی سے عالمی سیاحوں کے لیے ایک مقناطیس میں تبدیل ہو رہا ہے۔

 اکتوبر سے دسمبر، 2022 کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 3,226 سے کچھ زیادہ تھی جو پچھلے سال (2021 )کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 789 فیصد زیادہ ہے۔

 دنیا کا مشہور کازیرنگا  نیشنل پارک  نہ صرف 2,613 سے زیادہ ایک سینگ والے ہندوستانی گینڈوں کا گھر ہے، بلکہ یہ رائل بنگال ٹائیگرز، ایشیائی ہاتھیوں، جنگلی بھینسوں اور بہت سے جانوروں کی انواع کا بھی گھر ہے، اس کے علاوہ 125 سے زیادہ پرجاتیوں کے ہزاروں پرندوں کا مسکن بھی ہے۔

 حال ہی میں آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے بتایا کہ آسام میں سال 2022 میں خطرے سے دوچار گینڈوں کا صفر شکار ریکارڈ کیا گیا، جو تقریباً 45 سالوں میں پہلی بار ہوا ہے۔ نیشنل  پارکمیں اکتوبر سے مئی اہم سیاحتی موسم ہے، جو کہ غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے لیے ہندوستان کے شمال مشرقی علاقے میں سب سے پسندیدہ مقام ہے۔

 کازیرنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو  کے ڈائریکٹر جتیندر شرما کے مطابق، اکتوبر سے دسمبر (2022 )کے دوران 1,38,017 سیاحوں بشمول 3,226 غیر ملکی سیاحوں نے  کازیرنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو  کا دورہ کیا جبکہ 2021 کی اسی مدت میں 363 غیر ملکیوں سمیت کل 1,10,711 سیاح تھے۔ سینئر انڈین فاریسٹ سروس آفیسر نے کہا کہ 2021 کے پورے سال میں تقریباً 2.75 لاکھ سیاح بشمول 1,719 غیر ملکی سیاحوں نے  کازیرنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو   کا دورہ کیا اور موجودہ سیزن (اکتوبر 2022 سے مئی 2023 )میں تقریباً 3.50 لاکھ سیاحوں بشمول غیر ملکی سیاحوں کے آنے کی امید ہے۔

Recommended