جنین میں 3 فلسطینی گرفتار، رواں برس مغربی کنارے میں 74 فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا: رپورٹ
بیت المقدس ،09مارچ (انڈیا نیرٹیو)
اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں شہر جنین کے ایک ’’جبع‘‘ پر حملہ کردیا جس میں کم از کم تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ صہیونی فوج نے جنین کے شورش زدہ شہر کے جنوب میں واقع گاؤں جبع پر حملہ کیا۔ اسرائیل نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
فلسطینی وزارت صحت نے مرنے والوں کی شناخت نہیں بتائی تاہم کہا ہے کہ شہید ہونے والے فلسطینی اسرائیلی فوجی آپریشن کے دوران اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ گزشتہ چند ماہ سے ’’جبع‘‘ گاؤں مایوسی کا شکار فلسطینی نوجوانوں کے ایک ابھرتے ہوئے عسکریت پسند گروپ کا گھر رہا ہے جس نے اسرائیلی قبضے کے خلاف ہتھیار اٹھائے ہیں۔ اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کو چھپنواں سال چل رہا ہے۔
یہ گروپ مغربی کنارے میں ابھرنے والے مسلح گروہوں کے ایک بڑے رجحان کا حصہ ہے جس نے بڑھتی ہوئی غیر مقبول فلسطینی اتھارٹی کو چیلنج کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس کا کسی خاص سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے مغربی کنارے میں تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آج جمعرات کو جنین میں کم از کم 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ فوری طور پر اسرائیلی فوج نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
دریں اثنا مشرقی القدس کے شمال میں اسرائیلی فائرنگ سے 7 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ بدھ کی شام مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں الرام قصبے پر چھاپہ مار کارروائی کرکے اسرائیلی قابض فوج نے فائرنگ کرکے سات فلسطینیوں کو زخمی کردیا۔