برلن، 10 مارچ ( اندیا نیرٹیو)
جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے ایک چرچ میں فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے۔ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
معلومات کے مطابق جرمنی کے شہر ہیمبرگ کے السٹرڈورف علاقے کے گراس بورسٹل ڈسٹرکٹ میں ڈیلبوگے اسٹریٹ میں واقع یوووہا وٹنس چرچ میں شام دیر گئے اچانک گولی چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ اچانک فائرنگ سے افراتفری مچ گئی۔ اس حادثے میں سات افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ کئی افراد زخمی ہوئے جن میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعہ کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور ٹویٹ کر کے بتایا کہ موقع پر بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ آس پاس کے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔پولیس کے ترجمان نے کہا کہ حملہ آور کے فرار ہونے کے ابھی کوئی آثار نہیں ہیں۔
یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا ہلاک ہونے والوں میں حملہ آور بھی شامل تو نہیں ہیں۔بتایا گیا کہ حملہ آور نے مسلسل 12 راؤنڈ فائرنگ کی۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو فائرنگ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے بعد ملی۔
جائے وقوعہ پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کو کئی افراد کی لاشیں ملی ہیں اور کئی شدید زخمی ہیں۔ یہاں تک کہ پولیس کے پہنچنے تک بھی اوپر سے فائرنگ کی آواز سنائی دے رہی تھیں۔ جب پولیس افسران اوپر گئے تو انہوں نے ایک اور شخص کو مردہ پایا۔