سوشل میڈیا ایپ فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے رواں سال دس ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ دنیا کی پہلی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جس نے انڈسٹری کی خراب معاشی صورتحال کے باعث ملازمتیں ختم کرنے کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔عملے کے نام ایک پیغام میں کمپنی کے مالک زکربرگ نے کہا کہ زیادہ تر نئی کٹوتیوں کا اعلان اگلے دو مہینوں میں کیا جائے گا۔ تاہم کچھ ملازمتیں کے خاتمے کا عمل سال کے اواخر تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری کمپنی کی زیادہ تر تاریخ میں ہم نے سال بہ سال آمدنی میں تیزی سے اضافہ دیکھا اور بہت سی نئی مصنوعات میں سرمایہ کاری کرنے کے وسائل تھے۔ لیکن گزشتہ برس نے ہمیں اس حوالے سے جھنجھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس حقیقت کا اداراک کرنا چاہیے کہ اور خود کو اس کے لیے تیار کرنا چاہیے کہ نئے معاشی حقائق اگلے کئی برسوں تک ایسے ہی ہوں گے۔‘میٹا کمپنی کے شیئرز میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وسیع پیمانے پر ملازمتوں میں متوقع کٹوتی اس تنظیم نو کا حصہ ہے جس میں کمپنی کے پانچ ہزار نئی ملازمتوں کے منصوبے کو بھی ختم کر دیا جائے گا اور کم ترجیحی منصوبوں کو چھوڑنے کے ساتھ درمیانی درجے کی انتظامیہ کو ختم کر دیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں کمپنی نے گزشتہ برس 11 ہزار ملازمتیں ختم کی تھیں جو میٹا کی ورک فوس یا ملازمین کا 13 فیصد تھی۔اس سے قبل کمپنی نے ہزاروں ملازمین کو ہائر کیا تھا اور سنہ 2020 کے مقابلے میں ورکرز کی تعداد دو گنا ہو گئی تھی۔