سری نگر، 27جنوری( انڈیا نیرٹیو)
جموں وکشمیرکےکولگام شمسی پورہ علاقے میں بدھوار صبح نامعلوم دہشت گردوں نے فوج کی ایک پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں بقول فوجی ترجمان چار اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اس واقعہ کو لےکر پولیس ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے شمسی پورہ علاقے میں دہشت گردوں نے فوج کی ایک پارٹی پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں چار اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ زخمی جوانوں کو فوری طور پر علاج و معالجے کے لئے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا حملے کے فوراً بعد فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔اور سرینگر جموں شاہراہ کے علاوہ سری نگر کولگام اور سری نگر اننت ناگ شاہراہ پر تلاشیوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے، جب کہ شاہراہ سے گزرنے والے ہر مشکوک شخص سے پوچھ تاچھ سختی سے کی جارہی ہے۔
جب کہ جائے واردات کو گھیرے میں لے کر باریک بینی سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے، تاکہ ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
اس دوران ایک غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق زخمی جوانوں میں سے اسپتال میں دوران علاج ایک فوجی جوان کی موت واقع ہو چکی ہے۔ تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔