Urdu News

یواے ای کے ساتھ تعلقات’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘ پر پہنچ چکے ہیں: نیتن یاھو

UAE Israel relationship

ابوظہبی،29جنوری(انڈیا نیرٹیو)

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ’ایف 35‘ جنگی طیاروں کی فروخت پر واشنگٹن کی جانب سے عارضی تعطل سے امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ امارات کے ساتھ ہمارے تعلقات اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں سے واپسی نا ممکن ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدہ’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘پر پہنچ چکا ہے۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے اگست 2020میں دو طرفہ تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کیا تھا۔ 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تاریخی امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کی میزبانی کی۔

معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات اسرائیل کے ساتھ سفارتی ، تجارتی اور معاشی تعلقات قائم کرے گا۔ امارات نے ماضی میں کبھی اسرائیل کے خلاف کسی جنگ میں حصہ نہیں لیا۔

اماراتی وفود کے تل ابیب کے دوروں اور معاہدے پر دستخط کے کئی ماہ بعد حال ہی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کے سفارت خانوں کے قیام کا بھی اعلان کیا ہے۔

Recommended