نئی دہلی ، 31 جنوری (انڈیا نیرٹیو)
ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جئے شاہ کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا صدرمنتخب کیا گیا ہے۔ شاہ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم الحسن کی جگہ لی۔ 32 سالہ شاہ اے سی سی صدر مقرر ہونے والے کم عمر ترین منتظم ہیں۔
اے سی سی کا صدر مقرر ہونے پر ، شاہ نے کہا ’میں اس اعزاز کو قبول کرتا ہوں اور بی سی سی آئی میں اپنے معزز ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے نامزدکیا اور مجھے اس با وقار عہدے کے قابل تسلیم کیا۔ خطے میں کھیلوں کے انعقاد ، ترقی اور فروغ کے مقصد سے بنے ہوئے ، اے سی سی میں تیزی سے ترقی ہوئی ہے۔ اے سی سی نے کرکٹ کھیلنے والے سب سے بڑے ممالک میں صحت مندانہ مقابلےکو فروغ دیا ہے۔
گنگولی نے جئے شاہ کو اے سی سی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی
ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے چیئر مین سوربھ گنگولی نے بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔
گنگولی نے ایک بیان میں کہا ’میں جئے شاہ کو اے سی سی صدر مقرر ہونے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ ہم نے قریب سے کام کیا ہے اور میں کرکٹ کے کھیل کو ترقی دینے کے ان کے منصوبوں اور وژن سے بخوبی واقف ہوں۔‘
گنگولی نے کہا ’میں نے ذاتی طور پر ان کے جوش و جذبے کا تجربہ کیا ہے جس کے ساتھ انہوں نے چندی گڑھ ، اتراکھنڈ اور شمال مشرقی ریاستوں میں کرکٹ انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی نظام کے قیام کے لیے کام کیا۔
یہ یقینی طور پر ایک چیلنج بھرا مرحلہ ہے ، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ کامیابی کے ساتھ اس کا مقابلہ کریں گے۔ بی سی سی آئی ہر ممکن کوشش کرے گا اور ایشیامیں کرکٹ کی سرگرمیوں کی تعمیر نو اورتنظیم نو میں بڑا کردار ادا کرے گا۔‘اسی دوران ، بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھی جئے شاہ کو مبارک باد پیش کی۔