نیو یارک ، 08 فروری (انڈیا نیرٹیو)
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اتراکھنڈ میں برفانی تودے اور سیلاب پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔گتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اتراکھنڈ میں برفانی تودے میں مرنے والے اورلاپتہ خاندانوں کے تئیں بھارت کے عوام اور بھارت کی حکومت سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ساتھ ہی ، انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پرراحت اور امدادی کاموں کے لیے کی جارہی کوششوں میں وہ مدد کے لیےتیار ہیں۔
اس کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک نے بھی اس واقعے پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ نیپال کی وزارت خارجہ نے بھی برفانی تودے کے واقعے پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی برفانی تودے کے واقعے میں متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
اس کے علاوہ بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے شیرینگ نے بھی واقعے پر اظہار تعزیت کیا اور ہلاک ہونے والوں کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اور تباہی سے متاثرہ افراد کیلئے دعا کی۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کے روز اتراکھنڈ کے ضلع چمولی کے تپوون رینی علاقہ میں برفانی تودے کے کھسکنے سے ڈھالی گنگا اور الکانند ندیاں طغیانی کا شکار ہوگئیں،جس کی زدمیں متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور قریب ہی رشی گنگا بجلی کا منصوبہ بھی متاثر ہوا ہے۔ اب تک 15 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے اور 14 لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔ راحت اور امداد کا کام جاری ہے۔