Urdu News

بی جے پی کے خلاف متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا مجوزہ اجلاس ملتوی،تاریخ کا اعلان جلد

بی جے پی کے خلاف متحدہ اپوزیشن جماعتوں کا مجوزہ اجلاس ملتوی

پٹنہ ، 5 جون (انڈیا نیرٹیو)

پٹنہ میں 12 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ میٹنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ اب یہ اجلاس 23 جون کو ہونے کا امکان ہے ۔ یہ تیسری بار ہے کہ اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ملتوی کیا گیا ہے۔

بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ راہل گاندھی غیر ملکی دورے پر ہیں اور ان کی 12 جون تک واپسی کی توقع نہیں ہے ۔ اس لیے وہ 12 جون کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتے ۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن پٹنہ آنے میں دقت تھی۔ ایسے میں اجلاس ملتوی کرنے کی وجہ یہ ہو سکتی ہے۔

نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اتوار کی دیر رات میٹنگ ملتوی کرنے کے سوال پر کہا کہ میٹنگ سے متعلق تفصیلی معلومات جلد ہی دی جائیں گی۔

اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پہلے 19 مئی کو ہونا تھا، لیکن کرناٹک اسمبلی انتخابات اور وہاں کانگریس حکومت کی حلف برداری تقریب کے پیش نظر پٹنہ میں اپوزیشن اتحاد کی میٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ اس کے بعد یہ اجلاس مئی کے آخری ہفتے میں ہونا تھا لیکن نہ ہوسکا۔ پھر نئی تاریخ 12 جون دی گئی ۔

بی جے پی سے ناطہ توڑ کر عظیم اتحاد میں شامل ہونے کے بعد سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپوزیشن جماعتوں کو بی جے پی کے خلاف متحد کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔ حال ہی میں نتیش کمار نے مختلف ریاستوں کا دورہ کیا اور اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کی اور دعویٰ کیا کہ بات چیت مثبت رہی۔ جس کے بعد 12 جون کو پٹنہ کے گیان بھون میں ملک بھر کے اپوزیشن لیڈروں کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ۔

Recommended