اسکولوں میں ڈاکٹر ہیڈگیوار سے متعلق باب ہٹانے کا فیصلہ، تبدیلی مذہب مخالف قانون بھی منسوخ
کرناٹک میں کانگریس حکومت نے پچھلے سال ریاست میں بی جے پی کی سابقہ حکومت کے متعدد فیصلوں کو پلٹ دیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے تبدیلی مذہب مخالف قانون کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکول کے نصاب میں شامل ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار سے متعلق باب کو بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر ہیڈگیوار راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بانی ہیں۔
جمعرات کو وزیر اعلیٰ سدارامیا کی صدارت میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں ان فیصلوں سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔ ریاستی قانون اور پارلیمانی امور کے وزیر ایچ کے پاٹل نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس تجویز کو آج ریاستی کابینہ کی منظوری مل گئی۔ کابینہ نے اسکول کی تاریخ کی نصابی کتابوں سے آر ایس ایس کے بانی ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار کے باب کو ہٹانے کا بھی فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر ہیڈگیوار سے متعلق اس باب کو بی جے پی حکومت نے پچھلے سال شامل کیا تھا۔
پاٹل نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں بھجن کے ساتھ آئین کے تمہید کو پڑھانا لازمی بنایا جائے۔ کابینہ نے زرعی منڈیوں پر ایک نیا قانون لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جو بی جے پی حکومت کے بنائے گئے قانون کی جگہ لے گا۔
واضح رہے کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں بی جے پی کی حکومت کے وقت اسکول کی نصابی کتابوں میں کی گئی تبدیلیوں کو واپس لینے کا وعدہ کیا تھا۔