منزل کا تعین کر کے جہد مسلسل ہی کامیابی کی اساس
شہر عزیز مالیگاؤں کے پہلے ڈینٹسٹ، مرحوم ڈاکٹر الطاف احمد کی پسرزادی ڈاکٹر شکیل کی بھتیجی، ڈاکٹر عقیل کی صاحبزادی عائشہ صدیقہ نے امسال نیٹ امتحان میں اپنی محنت شاقہ سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے عائشہ صدیقہ نے 655/720 مارکس حاصل کرتے ہوئے اپنا، اپنے والدین، خانوادے اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔
آپ نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی نیٹ امتحان میں کامیابی کے ساتھ ہی ایم بی بی ایس میں داخلہ ممکن تھا لیکن من چاہے کالج میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے دگنی محنت کر کے امسال 655 مارکس اسکور کر لینے سے ان شاءاللہ اپنی پسند کی کالج میں ایڈمیشن کی راہیں ضرور ہموار ہوں گی۔
عائشہ نے بتایا کہ زری والا شاہین اکیڈمی مالیگاؤں سے اپنی اسٹڈی کرتے ہوئے الله کی مدد و نصرت کیساتھ خود اعتمادی اور خود پر یقین رکھتے ہوئے الحمدﷲ یہ مقام حاصل کیا ہے- آپ نے ربانی دا سکالر یوٹیوب چینل کے روح رواں رضوان ربانی سے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے بتلایا کہ میرے والدین کی دعاوں کا ثمرہ ہے کہ میں نے یہ مقام حاصل کیا ہے ۔
والدین و بڑے ابو کی سرپرستی کے ساتھ ساتھ شاہین اکیڈمی کے محفوظ سر کی خصوصی توجہ اور اساتذہ کرام کی رہنمائی و حوصلہ افزائی اور خود پر یقین رکھتے ہوئے مسلسل محنت کی بدولت ہی یہ کامیابی حاصل ہوئی۔
مستقبل میں ماہر سرجن کے طور پر اپنے آپ کو پیش کرنے کا من بنائے ہوئے عائشہ صدیقہ نے آنیوالے طلبا و طالبات کو اپنے قیمتی مشوروں سے بھی نوازا ہے جسے ربانی دا سکالر یوٹیوب چینل پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے- عائشہ کی اس نمایاں کامیابی پر چہار جانب سے مبارکبادیوں کا سلسلہ دراز ہے۔