Urdu News

ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی ، سیریز میں 2-1کی سبقت

ٹیم انڈیا کی شاندار جیت


ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی ، سیریز میں 2-1کی سبقت

احمد آباد ، 25 فروری (انڈیا نیرٹیو)

ٹیم انڈیا نے یہاں تیسرے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے ملے49 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ٹیم انڈیانے 7.4 اوور میں بغیر کسی نقصان کے جیت حاصل کرلی۔ اوپنر روہت شرما 25 اور شبھمن گل 15 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل آج انگلینڈ کی دوسری اننگ 81 رن پرسمٹ گئی جس کے بعد ہندوستان کو جیت کے لئے 49 رن کا ہدف ملا تھا۔ اکشر پٹیل نے دوسری اننگ میں ایک بار پھر بھارت کی جانب سے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر نے اس میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے پہلی اننگ میں 6 وکٹیں لیں جبکہ روی چندرن اشون نے دوسری اننگ میں 4 اور پہلی اننگ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جیک کراولے کے 53 رنوں کی بدولت 112 رن بنائے۔ جواب میں ٹیم انڈیا نے اپنی پہلی اننگ میں روہت شرما کےشاندار 66 رن کی بدولت 145 رن بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 33 رن کی برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ کی پہلی اننگ میں آخری گیند پر وکٹ لینے والے اکشر پٹیل نے دوسری اننگ میں پہلی گیند پر ایک وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے جیک کراولے کو بولڈ کرکے واپس بھیجا۔

اس کے بعد جانی بیئرسٹوکو اوور کی تیسری گیند پر بولڈ کرکے ٹیم کو ایک اورجھٹکادیا۔ اکشر نے دوسری اننگ میں ڈوم سبلی کو آؤٹ کرکے تیسری کامیابی حاصل کی۔ اشون نے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو آؤٹ کرکے دوسری اننگز میں وکٹ لینے کی شروعات کی ۔ وہ 25 رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔

اکشر نے کپتان جو روٹ کو 19رن پر آوٹ کرکے ایک میچ میں پہلی 10 وکٹ لینے کا کمال کیا ۔ دوسرا میچ کھیل رہے اکشر نے پہلی اننگ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ بین فاکس 8رن بنا کر اکشر پٹیل کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس کے بعد انگلینڈ کی اننگز کے خاتمے میں زیادہ وقت نہیں لگا اور پوری ٹیم 81 رن پر ڈھیر ہوگئی۔

ہندوستان کی جانب سے دوسری اننگز میں اکشر پٹیل نے 5 ، روی چندرن اشون نے 4 اور واشنگٹن سندر نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل انگلینڈ کی پہلی اننگ بھی 112 رن پرڈھیر ہوگئی تھی۔ انگلینڈ کی طرف سے جیک کراولے نے 53 رن بنائے جبکہ بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری اننگ میں انگلینڈ کے سات بلے باز دہائی کے اسکور تک نہیں پہنچ سکے۔

Recommended